
نئی دہلی، 23 نومبر (ہ س)۔ سپریم کورٹ نے اتر پردیش کے ضلع سہارنپور میں سو سال پرانی ایک مسجد کو منہدم کیے جانے کے خلاف دائر عرضی پر سماعت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ نے عرضی گزار کو الہ آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت دی ہے۔
عرضی میں کہا گیا تھا کہ اتر پردیش کے ضلع سہارنپور میں سو سال پرانی ایک مسجد کو منہدم کرنا، بلڈوزر کے استعمال سے متعلق 2024 کے ایک اہم فیصلے میں سپریم کورٹ کی جانب سے وضع کردہ انہدام سے متعلق رہنما اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔ الزامات کی براہ راست جانچ کرنے سے انکار کرتے ہوئے عدالت نے عرضی گزار سے متعلقہ ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کو کہا۔ عدالت نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کا ہر معاملہ براہ راست سپریم کورٹ کے سامنے نہیں لایا جا سکتا۔
عدالت نے کہا کہ انہدام سے متعلق رہنما اصولوں کی خلاف ورزی ہوئی ہے یا نہیں، اس کا فیصلہ کرنے کے لیے واقعے سے متعلق حقائق اور حالات کا جائزہ لینا ضروری ہوگا۔ یہ کام متعلقہ ہائی کورٹ کے ذریعے کیا جانا زیادہ مناسب ہوگا۔ عدالت نے واضح کیا کہ وہ توہین عدالت کی کارروائی میں لگائے گئے الزامات کی حقائق کی بنیاد پر جانچ نہیں کر سکتی۔
تاہم، عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر ہائی کورٹ معاملے کی جانچ کے بعد یہ پاتی ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کی خلاف ورزی ہوئی ہے تو اس کے مناسب نتائج برآمد ہوں گے۔ عدالت نے کہا کہ اس معاملے کا جلد از جلد تصفیہ کیا جانا چاہیے۔ یہ عرضی وکیل آفتاب علی خان نے دائر کی تھی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد

