Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
بنگلہ دیش میں حالات خراب، حکومت نے حزب اختلاف سے بات چیت شروع کی

بنگلہ دیش میں حالات خراب، حکومت نے حزب اختلاف سے بات چیت شروع کی

ڈھاکہ (بنگلہ دیش)، 23 نومبر (ہ س)۔ معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ کی دسمبر میں وطن واپسی کے اعلان کے بعد سے ملک میں شروع ہونے والا تشدد تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ بم دھماکوں اور آتش زنی کے واقعات سے پورا ملک دہل اٹھا ہے۔ حکومت نے تشدد کے لیے شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ ملک کے بگڑتے حالات سے پریشان وزیر اعظم طارق رحمان نے حزب اختلاف کی جماعتوں کو بات چیت کے لیے مدعو کیا ہے۔ آج انہوں نے نیشنل سٹیزن پارٹی (این سی پی) کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا۔ حکومت نے شورش زدہ علاقوں میں حالات پر قابو پانے کے لیے بارڈر گارڈ بنگلہ دیش (بی جی بی) کے جوانوں کو تعینات کیا ہے۔

ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق، ملک کے مختلف حصوں میں بم دھماکوں، آتش زنی اور تشدد کے واقعات کے درمیان نیشنل سٹیزن پارٹی کے چار رکنی وفد نے پیر کے روز سکریٹریٹ میں وزیر اعظم طارق رحمان سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم کے اضافی پریس سکریٹری عتیق الرحمان نے بتایا کہ یہ ملاقات دوپہر تقریباً 1 بج کر 20 منٹ پر شروع ہوئی اور 2 بجے کابینہ ڈویژن کے کانفرنس روم میں ختم ہوئی۔ طارق رحمان نے موجودہ حالات پر این سی پی کے رکن سکریٹری اختر حسین، سینئر مشترکہ کنوینر حسنات عبداللہ اور مشترکہ کنوینر اکرم حسین سے بات چیت کی۔

ملک کے مختلف حصوں میں جاری تشدد کے باعث پیدا ہونے والی سیاسی صورت حال کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں وزیر اعظم کے مشیر مہدی امین اور قومی پارلیمنٹ کے وہپ میاں نورالدین احمد اپو بھی موجود تھے۔ وفد کے ارکان دوپہر تقریباً 1 بج کر 4 منٹ پر ایک سیاہ مائیکرو بس کے ذریعے سکریٹریٹ میں واقع وزیر اعظم کے دفتر پہنچے۔

اس دوران حکومت نے دارالحکومت ڈھاکہ اور شورش زدہ علاقوں میں امن و قانون کی صورت حال برقرار رکھنے کے لیے بی جی بی کی 98 پلاٹون تعینات کی ہیں۔ اس فورس نے اہم سرکاری اداروں، صنعتی علاقوں اور دیگر اہم مقامات پر محاذ سنبھال لیا ہے۔ شیخ حسینہ کے آبائی ضلع گوپال گنج میں بی جی بی کی دو بٹالین تعینات کی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ ڈھاکہ، غازی پور، نارائن گنج، میمن سنگھ، فرید پور، چٹ گاؤں اور کاکس بازار میں بھی بی جی بی کے جوان تعینات کیے گئے ہیں۔ وزارت داخلہ نے بی جی بی کو ضلعی انتظامیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزارت داخلہ نے بی جی بی کو ڈرون، جسم پر نصب کیے جانے والے کیمرے اور دیگر تکنیکی آلات بھی فراہم کیے ہیں۔ سیاسی کشیدگی اور عدم استحکام کے درمیان ملک کے صنعتی علاقوں میں ملازمین کی بے چینی نے حکومت کے سامنے غیر معمولی بحران کھڑا کر دیا ہے۔ ڈھاکہ کے قریب ساور کے اشولیا صنعتی علاقے میں آج ملازمین نے سڑک بند کر دی۔

بگڑتے حالات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے 28 کارخانوں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران مظاہرین نے ایک بس میں توڑ پھوڑ کی اور آس پاس کے کارخانوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کے گولے داغے اور صوتی دستی بموں کا استعمال کیا۔ ملازمین کے رہنماؤں نے الزام لگایا کہ پولیس نے کچھ مزدوروں کو رکشوں سے کھینچ کر باہر نکالا اور ان کی پٹائی کی۔

ہندوستھان سماچار

--------

ہندوستھان سماچار / عبدالواحد

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Hindusthan Samachar Urdu