Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
دھرو راٹھی کے خلاف آٹھ سال پرانے ہتک عزت معاملے میں ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

دھرو راٹھی کے خلاف آٹھ سال پرانے ہتک عزت معاملے میں ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

ساکیت عدالت نے پہلے جاری ضمانتی وارنٹ کی تعمیل نہ ہونے پر اٹھایا سخت قدم، اگلی سماعت 3 دسمبر کو ہوگی

نئی دہلی، 23 نومبر(ہ س)۔ دہلی کی ساکیت عدالت نے یوٹیوبر دھرو راٹھی کے خلاف آٹھ سال پرانے مجرمانہ ہتک عزت کے معاملے میں ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا ہے۔ اس سے قبل عدالت نے 31 اکتوبر کو ان کے خلاف ضمانتی وارنٹ جاری کیا تھا، لیکن اس کی تعمیل نہیں ہوسکی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس راہل جین نے معاملے کی اگلی سماعت 3 دسمبر کو مقرر کی ہے۔

31 اکتوبر کو سماعت کے دوران شکایت کنندہ وکاس پانڈے کی جانب سے پیش ہوئے وکیل ساکشم شرما نے عدالت کو بتایا تھا کہ دھرو راٹھی عام طور پر آسٹریا میں رہتے ہیں اور 'کاکروچ جنتا پارٹی' کے دہلی میں منعقدہ احتجاجی پروگراموں میں شرکت کے لیے ہندوستان آئے تھے، لیکن اب وہ ملک چھوڑ چکے ہیں۔

اس سے قبل 17 اکتوبر کو سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا تھا کہ دھرو راٹھی کے خلاف جاری تازہ سمن کی تعمیل کے لیے جب ان کے پتے پر پہنچا گیا تو وہاں مکان پر تالا لگا ہوا تھا۔ اس کے بعد فون کے ذریعے ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی، لیکن انہوں نے نوٹس لینے سے انکار کردیا۔ بعد ازاں ان کی رہائش گاہ کے باہر سمن چسپاں کردیا گیا۔

عدالت نے اس بات کا بھی نوٹس لیا کہ دھرو راٹھی کو پہلی مرتبہ جولائی 2019 میں سمن جاری کیا گیا تھا اور شکایت کنندہ مسلسل سمن کی تعمیل کرانے کی کوشش کرتا رہا ہے۔

یہ معاملہ وکاس سانکرتیائن عرف وکاس پانڈے کی جانب سے دائر مجرمانہ ہتک عزت کی شکایت سے متعلق ہے۔ شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ دھرو راٹھی نے ایک ایسا ویڈیو پوسٹ کیا تھا جس سے شکایت کنندہ کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔

شکایت کنندہ کے مطابق دھرو راٹھی نے 'بی جے پی آئی ٹی سیل پارٹ 2' کے نام سے ایک ویڈیو اپ لوڈ کرکے اسے عام کیا، جس میں ان کے خلاف کئی مبینہ جھوٹے الزامات لگائے گئے تھے۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ ویڈیو میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ بی جے پی کے آئی ٹی سیل نے وکاس پانڈے کو رشوت دی تھی۔

عدالت کی جانب سے جاری ناقابل ضمانت وارنٹ اسی مجرمانہ ہتک عزت کے مقدمے سے متعلق ہے۔ معاملے کی آئندہ سماعت 3 دسمبر کو ہوگی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Hindusthan Samachar Urdu