Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
طبیہ کالج کے شعبہ علم الادویہ میں اینٹی مائیکروبیئل مزاحمت پر لیکچر کا اہتمام

طبیہ کالج کے شعبہ علم الادویہ میں اینٹی مائیکروبیئل مزاحمت پر لیکچر کا اہتمام

طبیہ کالج کے شعبہ علم الادویہ میں اینٹی مائیکروبیئل مزاحمت پر لیکچر کا اہتمام

علی گڑھ، 23 نومبر (ہ س)۔ اجمل خان طبیہ کالج کے فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کے شعبہ علم الادویہ نے 18 تا 24 نومبر منائے جانے والے عالمی اینٹی مائیکروبیئل مزاحمت (اے ایم آر) بیداری ہفتہ کے تحت ایک توسیعی خطبہ اور بیداری سرگرمیوں کا اہتمام کیا۔ اس سال کی مہم کا موضوع ہے ''ایک صحت، ایک اقدام: اے ایم آر کو ابھی روکیں'' ۔ جے این میڈیکل کالج ، اے ایم یو کے شعبہ مائیکروبایولوجی کی پروفیسر نازش فاطمہ نے ''اینٹی مائیکروبیئل مزاحمت: مستقبل کے چیلنجز'' کے موضوع پر لیکچر دیا۔پروگرام کی صدارت فیکلٹی آف لائف سائنسز کے شعبہ بایوکیمسٹری کے پروفیسر سلیم جاوید نے کی۔

پروفیسر نازش فاطمہ نے اینٹی مائیکروبیئل مزاحمت کے میکینزم، اس کے ظہور اور پھیلاؤ میں معاون عوامل اور اینٹی مائیکروبیئل ایجنٹس کے غیر مناسب اور ضرورت سے زیادہ استعمال کے نتائج پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مزاحمت پیدا کرنے والے مائیکروآرگینزم سے بڑھتے ہوئے خطرے کی نشاندہی کرتے ہوئے اینٹی مائیکروبیئل کے ذمہ دارانہ استعمال، انفیکشن سے بچاؤ، عوامی بیداری اور صحت کے ایک جامع تصور کے تحت مربوط اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے احتیاطی نگہداشتِ صحت کے فروغ میں طبِ یونانی کے ممکنہ کردار اور روایتی نظام ہائے طب کی مزید سائنسی تحقیق کی ضرورت کا بھی ذکر کیا۔

اختتامی کلمات میں پروفیسر سلیم جاوید نے اینٹی مائیکروبیئل مزاحمت سے آنے والی نسلوں کو لاحق سنگین خطرے کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مائیکروبیئل مزاحمت کے ظہور اور پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا اور احتیاطی نگہداشتِ صحت کے فروغ میں طبِ یونانی کے ممکنہ کردار کو بھی تسلیم کیا۔ شعبہ علم الادویہ کے صدر پروفیسر عبدالرؤف نے مہمانوں اور شرکاء کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے اینٹی مائیکروبیئل مزاحمت سے وابستہ ابھرتے ہوئے چیلنجوں اور موجودہ صحت کے مسائل سے نمٹنے میں طبِ یونانی کی معنویت اور امکانات کو اجاگر کیا۔

شعبے کی جانب سے انڈرگریجویٹ طلبہ کے لیے آن لائن پوسٹر سازی اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے لیے مضمون نویسی کے مقابلے بھی منعقد کیے گئے۔ پوسٹر سازی کے مقابلے میں عبدالرحیم نے اول، محمد امان نے دوم اور سمیہ نے تیسرا مقام حاصل کیا۔ مضمون نویسی کے مقابلے میں 8 پوسٹ گریجویٹ طلبہ نے شرکت کی۔ پروگرام میں شعبہ علم الادویہ کے اساتذہ بشمول پروفیسر نازش صدیقی، ڈاکٹر شمشاد عالم، ڈاکٹر سنبل رحمان، ڈاکٹر محمد بلال تفسیر اور ڈاکٹر محمد قمرالحسن ، پوسٹ گریجویٹ طلبہ اور شعبے کے دیگر افراد نے شرکت کی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Hindusthan Samachar Urdu