Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
لال قلعہ دھماکہ معاملے کے ملزم دانش کی ڈیفالٹ ضمانت کی درخواست مسترد

لال قلعہ دھماکہ معاملے کے ملزم دانش کی ڈیفالٹ ضمانت کی درخواست مسترد

سپریم کورٹ نے کہا، یو اے پی اے کے معاملات میں تفتیش کی زیادہ سے زیادہ مدت 180 دن ہی رہے گی

نئی دہلی، 23 نومبر(ہ س) سپریم کورٹ نے پیر کو لال قلعہ دھماکہ معاملے کے ملزم جاسر بلال وانی عرف دانش کی ڈیفالٹ ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔ جسٹس پرشانت کمار مشرا کی سربراہی والی بنچ نے دہلی ہائی کورٹ کے 18 اگست کے حکم میں مداخلت کرنے سے انکار کرتے ہوئے واضح کیا کہ بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا(بی این ایس ایس) نافذ ہونے کے باوجود یو اے پی اے کے معاملات میں تفتیش کی زیادہ سے زیادہ مدت 180 دن ہی ہوگی۔

ملزم دانش کی جانب سے پیش سینئر وکیل وارشہ فراست نے دلیل دی کہ اب سی آر پی سی کی جگہ بی این ایس ایس نافذ ہو چکی ہے، جبکہ یو اے پی اے کی دفعہ 43 ڈی (2) میں اب بھی پرانی سی آر پی سی کی دفعہ 167 کا حوالہ دیا گیا ہے۔ اس تکنیکی بنیاد پر انہوں نے مطالبہ کیا کہ 90 دن کے اندر چارج شیٹ داخل نہ ہونے کی صورت میں ملزم کو ڈیفالٹ ضمانت دی جائے۔

دہلی ہائی کورٹ کی جسٹس پرتیبھا ایم سنگھ کی سربراہی والی بنچ نے 18 اگست کو اس دلیل کو مسترد کر دیا تھا۔

سپریم کورٹ نے درخواست گزار کی دلیل پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر اس تشریح کو قبول کر لیا گیا تو سی آر پی سی منسوخ ہونے کے بعد یو اے پی اے کی دفعہ 43 ڈی غیر مؤثر ہو جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے خصوصی اجازت کی درخواست مسترد کر دی۔

یہ معاملہ 10 نومبر 2025 کو دہلی کے لال قلعہ کے قریب ہونے والے کار بم دھماکے سے متعلق ہے۔ این آئی اے نے دانش کو 17 نومبر 2025 کو گرفتار کیا تھا اور ابتدائی 90 دن کی مدت ختم ہونے سے پہلے ہی ٹرائل کورٹ سے تفتیش کے لیے اضافی وقت حاصل کر لیا تھا، جسے 180 دن تک بڑھایا گیا تھا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Hindusthan Samachar Urdu