
سینٹرل وسٹا منصوبے کے تحت مسجد کو ہٹانے کا معاملہ، اگلی سماعت جنوری 2027 میں ہوگی
نئی دہلی، 23 نومبر(ہ س) سینٹرل وسٹا ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے تحت کرشی بھون کمپلیکس میں واقع تاریخی قدیمی مسجد کو ہٹائے جانے کے معاملے پر پیر کو دہلی ہائی کورٹ میں اہم سماعت ہوئی۔ جسٹس انیش دیال کی سنگل بنچ نے مسجد کی دیکھ بھال کرنے والی کمیٹی اور ایک نمازی محمد یاسر کی جانب سے دائر دو الگ الگ عرضیوں پر ایک ساتھ سماعت کرتے ہوئے تمام فریقوں کو چار ہفتوں میں جواب داخل کرنے کی ہدایت دی۔ عدالت نے اگلی سماعت جنوری 2027 میں مقرر کی ہے۔
دہلی وقف بورڈ کے مستقل وکیل تشار سنو نے بورڈ کے 17 نومبر کے حلف نامے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سینٹرل وسٹا پروجیکٹ عوامی مفاد سے متعلق ہے، لیکن ری ڈیولپمنٹ منصوبے میں مسجد کو برقرار رکھنے کے امکانات پر تکنیکی دستاویزات کی بنیاد پر غور کیا جانا چاہیے۔
وقف بورڈ نے دلیل دی کہ یہ مسجد 149 سال سے زیادہ قدیمی نوٹیفائیڈ وقف جائیداد ہے اور 15 اگست 1947 کو بھی اس کی مذہبی حیثیت یہی تھی۔ اس لیے اسے عبادت گاہوں کے قانون 1991 کی دفعہ 4(1) کے تحت تحفظ حاصل ہے۔ بورڈ نے مرکزی حکومت کے اس موقف کو بھی مسترد کیا کہ سرکاری احاطہ سیکولر ہونے کی وجہ سے وہاں کوئی مستقل مذہبی ڈھانچہ نہیں رہ سکتا۔
مسجد کی دیکھ بھال کرنے والی کمیٹی کی جانب سے پیش سینئر وکیل سلمان خورشید نے عدالت سے درخواست کی کہ معاملے کی سماعت مکمل ہونے تک نمازیوں کے مسجد میں داخلے پر کوئی پابندی نہ لگائی جائے۔ اس پر مرکزی حکومت اور لینڈ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس کی طرف سے پیش ایڈیشنل سالیسٹر جنرل چیتن شرما نے ہلکے پھلکے انداز میں کہا، ''میرے ہونٹ سلے ہوئے ہیں۔''
اس دوران جسٹس انیش دیال نے زبانی طور پر واضح کیا کہ جب تک وہاں تعمیراتی کام شروع نہیں ہوتا، مسجد میں جانے پر کوئی پابندی نہیں لگائی جا رہی ہے۔
دوسرے عرضی گزار نمازی محمد یاسر کی جانب سے وکیل ایم سفیان صدیقی نے 1945 کے ایک رجسٹرڈ معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے دلیل دی کہ قانونی کارروائی مکمل کیے بغیر اور معاہدے کی خلاف ورزی ثابت کیے بغیر مرکزی حکومت 266 مربع گز پر واقع اس مسجد کو نہیں گرا سکتی۔
عدالت نے دہلی وقف بورڈ اور لینڈ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس کی جانب سے پیش سینٹرل گورنمنٹ اسٹینڈنگ کونسل نشانت گوتم کو ہدایت دی کہ وہ چار ہفتوں کے اندر محمد یاسر کی درخواست پر اپنا جواب داخل کریں۔
مسجد کی دیکھ بھال کرنے والی کمیٹی کو بھی وقف بورڈ کے حلف نامے پر جواب دینے کے لیے وقت دیا گیا ہے۔ سماعت کے دوران نئی دہلی میونسپل کونسل (این ڈی ایم سی)کی جانب سے مستقل وکیل سوربھ سیٹھ بھی موجود رہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ

