
نئی دہلی، 17 مئی (ہ س)۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ دہلی حکومت دارالحکومت کی خواتین کو خود انحصار، کاروباری اور اقتصادی طور پر بااختیار بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر کام کر رہی ہے۔ اس سمت میں، حکومت نے خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس اور اسٹارٹ اپس کے لیے 10 کروڑ روپے تک کے بغیر ضمانتی لون کا انتظام کیا ہے، جس کی ضمانت خود دہلی حکومت دے گی۔ وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ دہلی حکومت اب باقاعدگی سے مالز اور بڑے شاپنگ کمپلیکس میں دیسی مصنوعات کے لیے مناسب پلیٹ فارم مہیا کرے گی، جہاں مقامی مصنوعات کو وسیع مارکیٹ مل سکتی ہے۔
وزیراعلیٰ ہفتہ کی شام شمال مغربی دہلی میں روہنی ویسٹ میٹرو اسٹیشن کے قریب یونٹی ون مال میں منعقدہ دو روزہ میگا سیلف ہیلپ گروپ (ایس ایچ جی) میلے-2026 کے افتتاح کے موقع پر اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ملک کے سامنے سودیشی کو اپنائیں، آتم نربھربھارت اور ایک ضلع، ایک پروڈکٹ کا وژن مسلسل پیش کر رہے ہیں۔ اس وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے، یہ میلہ خواتین کے ذریعہ تیار کردہ دیسی مصنوعات کو فروغ دینے اور انہیں مارکیٹ سے جوڑنے کی ایک طاقتور کوشش ہے۔
اس موقع پر رکن اسمبلی یوگیندر چندولیا، ایم ایل اے کلونت رانا، شمال مغربی ضلع کے ضلع مجسٹریٹ سومیا سوربھ، ضلع انتظامیہ کے سینئر افسران، مختلف بینکنگ اداروں کے نمائندے اور خود مدد گروپوں کی خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ میلے کا اہتمام شمال مغربی ضلع انتظامیہ نے کیا تھا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کی خواتین چھوٹی صنعتوں اور ہاتھ سے بنی اشیاء کے ذریعے نہ صرف اپنی خاندانی آمدنی میں اضافہ کر رہی ہیں بلکہ ملکی معیشت کو بھی مضبوط کر رہی ہیں۔ لوگ اکثر غیر ملکی برانڈز کے پیچھے بھاگتے ہیں، جب کہ ہندوستانی دستکاری، کھادی، گھریلو مصنوعات، اور ہاتھ سے بنی اشیاءمعیار کے اعتبار سے بے مثال ہیں۔ ضرورت صرف بہتر برانڈنگ اور مارکیٹنگ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان دفاع، خلائی، زراعت، اور مینوفیکچرنگ سمیت ہر شعبے میں تیزی سے خود انحصاری کی طرف بڑھ رہا ہے اور ہندوستانی مصنوعات دنیا بھر میں برآمد کی جارہی ہیں۔ اس لیے خواتین کی بنائی ہوئی گھریلو اور ہاتھ سے بنی اشیاء کو بھی قومی اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ غیر ملکی اشیاء کی بجائے مقامی اور دیسی مصنوعات استعمال کریں۔
وزیراعلیٰنے کہا کہ دہلی حکومت چاہتی ہے کہ راجدھانی کی ہر خاتون سیلف ہیلپ گروپس میں شامل ہوں، اپنی مصنوعات خود تیار کریں اور ان کی مارکیٹنگ کریں۔ حکومت خواتین کو بینکوں کے ذریعے آسان قرضے فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ خود مدد گروپوں کی بینکنگ اور مالیاتی رسائی کو مضبوط بنانے کے لیے اس میلے میں مختلف بینک بھی شامل تھے۔ وزیر اعلیٰ کے مطابق، دہلی حکومت نے خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس اور اسٹارٹ اپس کے لیے 10 کروڑ تک کے ضمانتی قرضوں کا انتظام کیا ہے، جس کی ضمانت خود دہلی حکومت دے رہی ہے۔
اس میگا میلے میں تقریباً 24 سیلف ہیلپ گروپس نے حصہ لیا۔ میلے میں دستکاری، کروشیٹ ورک، کھادی، گھریلو مصنوعات، کھانے پینے کی اشیاءاور دیگر ہاتھ سے بنی اشیاءکی نمائش اور فروخت کی گئی۔ ایک ضلع، ایک پروڈکٹ اقدام کے تحت، شمال مغربی ضلع سے دستکاری کو نمایاں کیا گیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی

