
حیدرآباد، 24 مئی (ہ س)۔ تلنگانہ اسٹیٹ پرائمری ٹیچرز اسوسی ایشن (ٹی ایس پی ٹی اے)اور مائنارٹی ایمپلائزویلفیئراسوسی ایشن(میوا) کی مسلسل جدوجہد اور مؤثر نمائندگی کے نتیجہ میں ضلع نرمل کے بند ہوئے 11 اردو پرائمری اسکولوں کو دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ٹی ایس پی ٹی اے و میوا کے صدر شیخ شبیر علی اور ٹی ایس پی ٹی اے کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹرساجد معراج نے ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ جی او317 پر عمل آوری کے بعد ضلع محکمہ تعلیمات کی جانب سے مناسب اقدامات نہ کئے جانے کے باعث ضلع میں تقریباً 12 اردو پرائمری اسکول بند ہو گئے تھے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سابق ایم ای او نرمل اربن کی متعصبانہ کارروائی کے نتیجہ میں ایک اردو میڈیم پرائمری اسکول مکمل طور پر بندکر دیا گیا تھا، جس کے باعث طلبہ اوروالدین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ اس مسئلہ پرمیواکی جانب سے ضلع مہتمم تعلیمات سے لے کرریاست کے وزیر اعلیٰ اور وزیر تعلیم ریونت ریڈی تک مسلسل نمائندگی کی گئی۔ نمائندگی میں بند اسکولوں کی فوری بحالی کے ساتھ ساتھ قصوروار سابق ایم ای اوکے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق مسلسل دباؤ اور مؤثر پیروی کے نتیجہ میں متعلقہ عہدیدار کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی جبکہ بند اردواسکول کو دوبارہ شروع کرنے کا تحریری تیقن بھی دیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میوا نے دیگر بند شدہ اردو اسکولوں کا مسئلہ بھی اعلیٰ حکام کے سامنے اٹھایا، جس پر ضلع مہتمم تعلیمات نے 19 مئی 2026 کو جاری کردہ احکامات (Proc.
RC No. B2/53/Spl/2026) کے تحت تمام بند اردو پرائمری اسکولوں کی بحالی کی ہدایت جاری کی، جس کے نتیجہ میں 11 اسکولوں کی بحالی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ میوا قائدین نے برسرِ خدمت اردو اساتذہ، تربیت یافتہ اساتذہ، والدین، مقامی ذمہ داران، سیاسی، سماجی و مذہبی تنظیموں کے نمائندوں اور مساجد کمیٹیوں سے اپیل کی کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اردو اسکولوں کی بحالی اور استحکام میں فعال کردار ادا کریں تاکہ 24 سے زائد منظور شدہ اساتذہ کی جائیدادوں کو برخاست ہونے سے بچایا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق

