Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
پالگھر میں باراتیوں سے بھرا ٹرک کنٹینر سے ٹکرا گیا، خوفناک حادثے میں 12 افراد ہلاک، کئی زخمی

پالگھر میں باراتیوں سے بھرا ٹرک کنٹینر سے ٹکرا گیا، خوفناک حادثے میں 12 افراد ہلاک، کئی زخمی

ممبئی ، 18 مئی (ہ س) مہاراشٹر کے پالگھر ضلع میں ممبئی-احمد آباد قومی شاہراہ پر پیر کو ایک دل دہلا دینے والا سڑک حادثہ پیش آیا۔ دھانیوری علاقے میں شادی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے باراتیوں سے بھرے ایک ٹرک کی کنٹینر گاڑی سے زبردست ٹکر ہو گئی، جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک جبکہ 20 سے 25 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

اطلاعات کے مطابق ٹرک میں گنجائش سے کہیں زیادہ مسافر سوار تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ گاڑی میں 100 سے زائد افراد موجود تھے، جو شادی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ٹکر اس قدر شدید تھی کہ ٹرک کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور موقع پر افرا تفری مچ گئی۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ہائی وے پیٹرولنگ ٹیم اور مقامی انتظامیہ فوراً جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

تمام زخمیوں کو فوری طور پر کاسا سب ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں کئی افراد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ بعض شدید زخمیوں کو دیگر اسپتالوں میں منتقل کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔حادثے کے بعد ممبئی-احمد آباد قومی شاہراہ پر کچھ وقت کے لیے ٹریفک متاثر رہی۔ بعد ازاں پولیس اور ریسکیو ٹیم نے تباہ شدہ گاڑیوں کو ہٹا کر آمد و رفت بحال کر دی۔

ابتدائی تفتیش میں تیز رفتاری اور اوور لوڈنگ کو حادثے کی بڑی وجہ مانا جا رہا ہے۔ پولیس معاملے کی مزید جانچ کر رہی ہے۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Hindusthan Samachar Urdu