
دہلی ایمس کی ٹیم نے تین گھنٹے میں کیا دوبارہ پوسٹ مارٹم
بھوپال، 24 مئی (ہ س)۔ اداکارہ اور ماڈل ٹویشا شرما کی موت کے 12 دن بعد اتوار کے روز بیحد غمگین ماحول میں ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔ مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کے بھدبھدا وشرام گھاٹ (شمشان گھاٹ) پر ٹویشا کے بھائی میجر ہرشیت نے انہیں مکھ اگنی دی۔ آخری یاترا اور وداعی کے دوران متوفیہ کی ماں اور پورا خاندان پھوٹ پھوٹ کر رو رہا تھا۔ اس دوران وہاں موجود اہل خانہ اور قریبی لوگوں کی آنکھیں نم تھیں اور لوگ ایک دوسرے کو دلاسہ دیتے ہوئے نظر آئے۔
آخری رسومات سے پہلے اتوار کے روز ہی دہلی ایمس سے آئی 4 رکنی خصوصی ڈاکٹروں کی ٹیم نے بھوپال ایمس میں ٹویشا کی لاش کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کیا۔ بھاری سیکیورٹی انتظامات اور پولیس فورس کی تعیناتی کے درمیان یہ پورا فارنسک عمل تقریباً 3 گھنٹے تک چلا۔ دوبارہ پوسٹ مارٹم کا عمل مکمل کرنے کے بعد دہلی ایمس کی ٹیم واپس روانہ ہو گئی۔ ڈاکٹروں کی یہ ٹیم اپنی تفصیلی فارنسک رپورٹ سربمہر لفافے میں براہِ راست عدالت اور متعلقہ جانچ ایجنسی کو سونپے گی۔
قابلِ ذکر ہے کہ ٹویشا شرما کی 12 مئی کی رات یہاں کٹارا ہلز میں واقع ان کے سسرال میں مشتبہ حالات میں موت ہو گئی تھی۔ جہاں ایک طرف سسرال والے اسے مسلسل خودکشی بتا رہے ہیں، وہیں مائیکے والوں کا سیدھا الزام ہے کہ ٹویشا کو جہیز کے لیے ہراساں کر کے قتل کیا گیا ہے۔ اس ہائی پروفائل معاملے میں پیر کا دن قانونی طور پر بیحد اہم ہونے والا ہے۔ سپریم کورٹ اس معاملے کو لے کر سماعت کرے گا۔ وہیں، بھوپال ضلع عدالت میں ٹویشا کی ساس، ریٹائرڈ جج گری بالا سنگھ کو ملی عبوری ضمانت کو منسوخ کرنے کے لیے مائیکے والوں کی طرف سے دائر کردہ درخواست پر بھی پیر کے روز ہی سماعت ہونی ہے۔
معاملے کا اہم ملزم اور ٹویشا کا شوہر سمرتھ سنگھ فی الحال بھوپال پولیس کے 7 دنوں کے ریمانڈ پر ہے۔ ہفتے کے روز پیشی کے دوران عدالت نے اس کا پاسپورٹ بھی ضبط کرنے کے سخت احکامات دیے تھے، تاکہ وہ ملک سے باہر نہ بھاگ سکے۔ فی الحال پولیس ریمانڈ کے دوران سمرتھ سے واقعے کی رات کے حالات اور اس کے بیانات کی سچائی کو لے کر سختی سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
وزیراعلٰی ڈاکٹر موہن یادو کی رضامندی کے بعد اس پورے معاملے کی کمان جلد ہی سی بی آئی کے ہاتھوں میں سونپنے کی انتظامی تیاریاں بھی تیز ہو گئی ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن

