
مانچسٹر، 9 اکتوبر (ہ س)۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کے وِنگر آماد ڈیالو نے کہا ہے کہ موجودہ سیزن میں ان کی ٹیم کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی ہے اور پریمیئر لیگ میں اپنی پوزیشن بہتر بنانے کے لیے اسے مسلسل اچھا کھیل پیش کرنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مانچسٹر یونائیٹڈ جیسے کلب کو ہمیشہ خطاب جیتنے کے لیے مقابلہ کرنا چاہیے۔
جیو اسٹار کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ڈیالو نے کہا کہ پوائنٹس ٹیبل میں 12ویں مقام پر ہونا ان کی ٹیم کی حقیقی صلاحیت کے مطابق نہیں ہے۔ مانچسٹر یونائیٹڈ ہفتہ، 10 اکتوبر کو اولڈ ٹریفورڈ میں ٹوٹنہم ہاٹسپر کا سامنا کرے گا۔ ٹیم اس مقابلے میں جیت کے ساتھ واپسی کرنا چاہے گی۔
ڈیالو نے کہا، ''ہم نے سیزن کا آغاز اس انداز میں نہیں کیا، جیسا ہم چاہتے تھے۔ ایک جیت اور دو ڈرا مانچسٹر یونائیٹڈ جیسے کلب کے لیے کافی نہیں ہیں۔ ہم اس وقت پوائنٹس ٹیبل میں 12ویں مقام پر ہیں اور یہ ہماری جگہ نہیں ہے۔ تاہم، سیزن ابھی طویل ہے اور ابھی کچھ بھی طے نہیں ہوا ہے۔ ہمیں ہر میچ پر توجہ دینی ہوگی، پریکٹس میں سخت محنت کرنی ہوگی اور ڈرا کو جیت میں تبدیل کرنا شروع کرنا ہوگا۔''
انہوں نے مزید کہا، ''کیا ہم خطاب جیت سکتے ہیں؟ ابھی سیزن کی شروعات ہے، لیکن ہمیں خود سے ایماندار رہنا ہوگا۔ خطاب کی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے ہمیں کافی بہتری لانی ہوگی اور مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ مانچسٹر یونائیٹڈ ایسا کلب ہے، جسے ہمیشہ خطاب کے لیے لڑنا چاہیے۔ ہم اسی ہدف کے ساتھ آگے بڑھیں گے اور سیزن کے اختتام پر دیکھیں گے کہ ہم کہاں کھڑے ہیں۔''
انگلینڈ میں ابتدائی دنوں کی یادیں
انگلینڈ میں اپنے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے ڈیالو نے کہا کہ نئے ملک اور ماحول میں خود کو ڈھالنے میں انہیں وقت لگا۔ وہ 2021 میں پریمیئر لیگ میں کھیلنے کے لیے انگلینڈ پہنچے تھے۔
انہوں نے کہا، ''جب میں 2021 میں انگلینڈ آیا تو ابتدائی چند ہفتے میرے لیے عجیب تھے۔ نیا ملک، نیا ماحول، انگریزی زبان نہ بول پانا اور مختلف ثقافتیں، ان سب کے درمیان یہاں کے ماحول میں خود کو ڈھالنے میں مجھے وقت لگا۔ مانچسٹر یونائیٹڈ سے جڑنے کے بعد میں نے سب سے پہلے خود سے کہا، 'اللہ کا شکر ہے۔' یونائیٹڈ کے لیے کھیلنا میرا خواب تھا۔''
ڈائالو نے بتایا کہ کلب میں آنے کے بعد ان کی ملاقات اپنے آئیڈیل پال پوگبا سے ہوئی۔ انہوں نے پوگبا کے ساتھ تصویر کھنچوانے کی درخواست کی تھی اور بعد میں ان کے ساتھ کھیلنے کا موقع بھی ملا۔ ڈیالو نے اسے ایسا تجربہ قرار دیا جسے الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔
لیورپول کے خلاف فیصلہ کن گول یادگار ترین لمحہ
ڈیالو نے 2024 کے ایف اے کپ کے کوارٹر فائنل میں لیورپول کے خلاف اضافی وقت میں کیے گئے فیصلہ کن گول کو اپنے کیریئر کے یادگار ترین لمحات میں سے ایک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اولڈ ٹریفورڈ میں اپنے شائقین کے سامنے بڑے حریف کے خلاف فیصلہ کن گول کرنا انتہائی جذباتی تجربہ تھا۔
انہوں نے کہا، ''ایف اے کپ کے کوارٹر فائنل میں فاتح گول کرنا میرے کیریئر کے بڑے لمحات میں سے ایک ہے۔ وہ بھی لیورپول جیسی بڑی حریف ٹیم کے خلاف، اولڈ ٹریفورڈ میں اور اپنے شائقین کے سامنے۔ اس وقت جذبات عروج پر تھے۔ جشن منانے کے لیے میں نے اپنی جرسی اتار دی، کیونکہ مجھے یاد نہیں رہا کہ مجھے پہلے ہی پیلا کارڈ مل چکا تھا۔ اس کے بعد مجھے سرخ کارڈ ملا، لیکن مجھے لگتا ہے کہ وہ اب تک کا سب سے بہترین سرخ کارڈ تھا۔''
ڈیالو نے مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابق اسٹرائیکر روڈ وین نسٹلروئے سے ملنے والی رہنمائی کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ وین نسٹلروئے نے انہیں میدان میں کھیلنےنے اور گول کرنے کی تکنیک سے متعلق مفید مشورے دیے، جس سے ان کے کھیل میں بہتری آئی۔
ٹوٹنہم کے خلاف مقابلہ اہم
ٹوٹنہم کے خلاف مقابلے کو اہم قرار دیتے ہوئے ڈیالو نے کہا کہ دونوں کلبوں کے درمیان تاریخی رقابت رہی ہے۔ ان کے مطابق، ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یونائیٹڈ کو تین پوائنٹس حاصل کرنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ جیت ٹیم کو پوائنٹس ٹیبل میں اوپر آنے اور آئندہ مقابلوں کے لیے اعتماد حاصل کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔
مانچسٹر یونائیٹڈ اور ٹوٹنہم ہاٹسپر کے درمیان مقابلہ ہفتہ، 10 اکتوبر کو بھارتی وقت کے مطابق رات 10 بجے کھیلا جائے گا۔ اس کا براہِ راست ٹیلی کاسٹ جیو ہاٹ اسٹار اور اسٹار اسپورٹس پر ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی

