
گنیش تہوار کا 14 ستمبر سے آغاز، پونم پربھاکر کا جائزہ اجلاسحیدرآباد، 2 ستمبر(ہ س)۔
وزیرٹرانسپورٹ پونم پربھاکرجوحیدرآباد کے انچارج وزیربھی ہیں، گنیش تہوارتقاریب کے ضمن میں آج اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ ڈاکٹرایم چناریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں حکومت کے مشیر برائے بی سی طبقات وی ہنمنت راؤ، ارکان اسمبلی ڈی ناگیندر، نوین یادو، ڈائرکٹرجنرل پولیس سی وی آنند،کمشنرپولیس وی سی سجنار،منیجنگ ڈائرکٹر آرٹی سی ناگی ریڈی، کمشنرجی ایچ ایم سی آروی کرنن، کلکٹر حیدرآباد اورگنیش اُتسو سمیتی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ گریٹرحیدرآباد کے حدود میں گنیش اتسو کے پرامن انعقاد اورلاء اینڈ آرڈرکے علاوہ بہترٹریفک انتظامات کے ضمن میں عہدیداروں کو ہدایات جاری کی گئیں۔ پونم پربھاکرنے کہاکہ حکومت تمام مذاہب کے عید اور تہواروں کے مؤثر انعقاد کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حیدرآباد میں گنیش اتسو تقاریب کے 10 روزہ انعقاد کے بعد مرکزی جلوس نکالا جاتا ہے۔ اُنھوں نے تمام سرکاری محکمہ جات کو بہتر تال میل کے ذریعہ ابھی سے ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت دی۔ بعدمیں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکرنے کہا کہ 14 ستمبر سے گنیش اتسو تقاریب کا آغاز ہورہا ہے۔ حیدرآباد، ملکاجگری اورسائبرآباد کے پولیس اوربلدی عہدیداروں کومؤثرانتظامات کے لئے ہدایات دی گئی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ گزشتہ برسوں کی طرح تقاریب کا پرامن طور پر انعقاد عمل میں آئے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے تقاریب اور جلوس کے موقع پر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ پولیس عہدیدار گنیش منڈپوں کے قیام اور اُن کی سکیورٹی کو یقینی بنائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ برقی سربراہی کے سلسلہ میں گائیڈ لائنس جاری کی جائیں گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ماحولیاتی تحفظ کے لئے پلاسٹر آف پیرس کی بجائے مٹی کی مورتیوں کی تنصیب کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہاکہ ہائیکورٹ کے احکامات کے مطابق گنیش اتسو تقاریب کے انتظامات کئے جائیں گے ۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق

