
سرینگر، 19 مئی (ہ س)۔ کئ ہفتوں سے جاری نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان کے تحت منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف اپنے سخت کریک ڈاؤن کو جاری رکھتے ہوئے، سری نگر پولیس نے شہر کے پاریم پورہ علاقے میں ایک مبینہ منشیات فروش کا تقریباً 1.50 کروڑ روپے مالیت کی سات مرلے اراضی کے ساتھ ملحقہ ایک رہائشی مکان کو ضبط کیا۔ پولیس نے ملزم کی شناخت اویس امین ڈینٹھو ولد محمد امین ڈینٹھو ساکنہ پاریم پورہ کے طور پر کی۔ حکام کے مطابق، جائیداد کو این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر 32/2026 کے سلسلے میں منسلک کیا گیا تھا جو این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 8/22 اور 29 کے تحت پولس اسٹیشن پاریمپورہ میں درج کی گئی تھی۔ تفتیش کے دوران، پولیس نے ثابت کیا کہ جائیداد مبینہ طور پر منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ کی سرگرمیوں سے حاصل ہونے والی رقم سے حاصل کی گئی تھی۔ عہدیداروں نے کہا کہ یہ کارروائی منشیات کے نیٹ ورک کو ختم کرنے اور معاشرے میں منشیات کے استعمال کی بڑھتی ہوئی لعنت کو روکنے کے لئے سری نگر پولیس کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔ سری نگر پولیس نے منشیات سے پاک معاشرے کی تعمیر کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں منشیات کی تجارت اور منشیات کی اسمگلنگ سے متعلق معلومات شیئر کریں۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Aftab Ahmad Mir

