
برسبین، 9 اکتوبر (ہ س)۔
آسٹریلیا کی تیز گیند باز میگن شٹ نے جمعہ کو بنگلہ دیش کی خواتین ٹیم کے خلاف پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں 150 وکٹیں مکمل کرلیں۔ اس کے ساتھ ہی وہ خواتین کے ون ڈے کرکٹ میں یہ سنگِ میل عبور کرنے والی آسٹریلیا کی تیسری بولر بن گئی ہیں۔
ایلن بارڈر فیلڈ میں کھیلی گئی تین میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں 33 سالہ میگن شٹ کو 150 وکٹیں مکمل کرنے کے لیے دو وکٹوں کی ضرورت تھی۔ انہوں نے سیریز کی پہلی ہی گیند پر فرغانہ حق کو آو¿ٹ کردیا اور پھر تیسرے اوور میں شرمین سلطانہ کی وکٹ لے کر یہ کامیابی حاصل کرلی۔
شٹ نے فرغانہ حق کو شاندار گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آو¿ٹ کرایا۔ گیند پچ پر پڑنے کے بعد اندر کی جانب آئی اور بلے کا کنارہ لیتی ہوئی پہلی سلپ میں کھڑی فیبی لیچ فیلڈ کے ہاتھوں میں چلی گئی۔
اس کے بعد تیسرے اوور میں شٹ کی اندر کی جانب سوئنگ ہوتی گیند شرمین سلطانہ کے بلے کو چکمہ دیتی ہوئی ان کے پیڈ پر لگی، جس پر امپائر نے انہیں ایل بی ڈبلیو قرار دے دیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے میگن شٹ سے پہلے صرف ایلس پیری اور کیتھرین فٹزپیٹرک ہی خواتین کے ون ڈے کرکٹ میں 150 وکٹوں کا ہندسہ عبور کر سکی تھیں۔ فٹزپیٹرک 180 وکٹوں کے ساتھ آسٹریلیا کی فہرست میں پہلے مقام پر ہیں، جبکہ پیری کے نام 166 وکٹیں درج ہیں۔
خواتین کے ون ڈے کرکٹ میں میگن شٹ مجموعی طور پر 150 وکٹیں لینے والی دنیا کی 12ویں کھلاڑی بن گئی ہیں۔ اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ بھارت کی سابق تیز گیند باز جھولن گوسوامی کے نام ہے، جنہوں نے 255 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ

