ممبئی ، 18 مئی (ہ س) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے مہاراشٹر قانون ساز کونسل کی مقامی بلدیاتی اداروں سے منتخب ہونے والی 16 نشستوں کے دو سالہ انتخابی پروگرام کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ناگپور بلدیاتی حلقے کی ایک نشست پر ضمنی انتخاب بھی کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ووٹنگ 18 جون کو ہوگی جبکہ نتائج کا اعلان 22 جون کو کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن 25 مئی کو انتخابی نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔ امیدوار یکم جون تک پرچۂ نامزدگی داخل کر سکیں گے جبکہ 2 جون کو کاغذات کی جانچ ہوگی۔ امیدوار 4 جون تک اپنے نام واپس لے سکیں گے۔ ووٹنگ 18 جون کو صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی جبکہ انتخابی نتائج 22 جون کو جاری کیے جائیں گے۔ پوری انتخابی کارروائی 25 جون تک مکمل کر لی جائے گی۔
قانون ساز کونسل کی کل 78 نشستوں میں سے 22 اراکین مقامی بلدیاتی اداروں کے ذریعے منتخب کیے جاتے ہیں۔ ضابطے کے مطابق ان انتخابات کے انعقاد کے لیے کل رائے دہندگان میں کم از کم 75 فیصد ووٹروں کی دستیابی لازمی ہوتی ہے۔حال ہی میں قانون ساز کونسل کی 9 نشستوں اور ایک ضمنی انتخاب میں تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے تھے۔ اب مقامی بلدیاتی اداروں سے منتخب ہونے والے اراکین کی مدت ختم ہونے کے بعد نئے انتخابات کا اعلان کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ان 16 نشستوں پر اراکین کی مدت مختلف تاریخوں میں ختم ہوئی تھی۔ سولاپور اور اہلیہ نگر کی نشستیں جنوری 2022 میں خالی ہوئی تھیں، جبکہ تھانے کی نشست جون 2022 میں خالی ہوئی۔ جلگاؤں، سانگلی-ستارا، ناندیڑ سمیت 6 نشستیں دسمبر 2022 میں خالی ہوئی تھیں۔ اورنگ آباد-جلنا نشست پر رکن کی مدت 29 اگست 2025 کو مکمل ہوئی تھی۔
قانون ساز کونسل کی ناگپور بلدیاتی نشست بی جے پی لیڈر چندر شیکھر باونکولے کے اسمبلی کے لیے منتخب ہونے کے بعد 23 نومبر 2024 کو خالی ہوئی تھی۔ باونکولے کی ایم ایل سی کے طور پر مدت یکم جنوری 2028 تک تھی۔ اس وقت وہ ریاستی وزیر برائے مالیہ ہیں۔
حکمراں اتحاد مہایوتی اور اپوزیشن اتحاد مہاوکاس اگھاڑی کے درمیان سخت مقابلے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں، تاہم بلدیاتی اداروں میں مہایوتی کو مضبوط پوزیشن حاصل ہے۔سیاسی مستقبل کو لے کر مختلف جماعتوں کے رہنماؤں میں قانون ساز کونسل تک پہنچنے کی دوڑ شروع ہو گئی ہے۔ ان نشستوں پر امیدواروں کی کامیابی کا انحصار میونسپل کارپوریشن اور ضلع پریشد اراکین کی تعداد پر ہوگا۔ ان انتخابات میں عام عوام ووٹ نہیں دیتی بلکہ بلدیاتی اداروں کے منتخب نمائندے اپنا نمائندہ منتخب کرتے ہیں۔
جن حلقوں میں انتخابی مقابلہ ہوگا ان میں شولاپور، احمد نگر، تھانے، جلگاؤں، سانگلی-ستارا، ناندیڑ، ایوت محل، پونے، ناگپور، بھنڈارا-گونڈیا، رائے گڑھ-رتناگیری-سندھو درگ، ناسک، وردھا-چندرپور-گڈچرولی، امراوتی، عثمان آباد-لاتور-بیڑ، پربھنی-ہنگولی اور اورنگ آباد-جالنہ شامل ہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے
