
150 بستروں والے اسپتال میں رعایتی شرح پر علاج کی سہولتپونے، 16 مئی (ہ س)۔ گزشتہ چند برسوں کے دوران کینسر کے مریضوں کی بڑھتی تعداد اور علاج پر ہونے والے بھاری اخراجات کے پیش نظر مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو راحت فراہم کرنے کے لیے پونے میں ایک جدید کینسر اسپتال قائم کیا گیا ہے۔ اپلکی میڈیکل کیئر سینٹر کی جانب سے شروع کیے گئے اس اسپتال کا افتتاح اتوار 17 مئی کو وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس کے ہاتھوں انجام پائے گا۔ یہ اطلاع اسٹینڈنگ کمیٹی کے صدر شری ناتھ بھمالے نے دی۔ انہوں نے بتایا کہ عوامی و نجی شراکت داری کے اصول پر قائم کیا گیا یہ ملک کا پہلا کینسر اسپتال ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔تقریباً 150 بستروں کی گنجائش رکھنے والے اس اسپتال میں مختلف اقسام کے کینسر کے ساتھ دل کے امراض کا بھی علاج کیا جائے گا۔ خاص بات یہ ہے کہ یہاں سرکاری شرح کے مطابق علاج کی سہولت دستیاب ہوگی، جس سے عام مریضوں کو بڑی راحت ملنے کی امید ہے۔پونے کے بانیر علاقے میں میونسپل کارپوریشن کی ملکیت تقریباً ایک ایکڑ اراضی اس منصوبے کے لیے فراہم کی گئی ہے۔ تقریباً 165 کروڑ روپے لاگت والے اس منصوبے میں میونسپل کارپوریشن نے تقریباً 14 کروڑ روپے مالیت کی زمین مہیا کی ہے، جبکہ باقی اخراجات متعلقہ ادارے کی جانب سے کیے گئے ہیں۔اس جدید اسپتال کے لیے درکار سرمایہ کاری، انتظامی امور، طبی سہولیات اور عملے کے اخراجات اپلکی میڈیکل کیئر سینٹر کی جانب سے برداشت کیے جائیں گے۔ حکام کے مطابق اس منصوبے کے آغاز سے پونے شہر سمیت ریاست بھر کے کینسر مریضوں کو جدید اور کم خرچ علاج کی سہولت میسر ہو سکے گی۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے

