Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
مشرقی علاقائی زرعی کانفرنس 19 مئی کوبھونیشور میں ، کسانوں کی آمدنی بڑھانے اور زرعی ترقی پر غور کیا جائے گا

مشرقی علاقائی زرعی کانفرنس 19 مئی کوبھونیشور میں ، کسانوں کی آمدنی بڑھانے اور زرعی ترقی پر غور کیا جائے گا

نئی دہلی، 18 مئی (ہ س)۔ وزارتِ زراعت و کسان بہبود 19 مئی کو بھونیشور میں مشرقی علاقائی زرعی کانفرنس کا انعقاد کرنے جا رہی ہے۔ اس اہم کانفرنس کی صدارت مرکزی وزیرِ زراعت و کسان بہبود شیوراج سنگھ چوہان کریں گے۔ کانفرنس میں اڈیشہ کے وزیرِ اعلیٰ موہن چرن مانجھی سمیت مختلف ریاستوں کے وزرائے زراعت، سینئر افسران، سائنسدان، کسان نمائندے، زرعی ماہرین، کسان پروڈیوسر آرگنائزیشنز (ایف پی او)، اسٹارٹ اپس، بینکوں اور دیگر متعلقہ فریقین شرکت کریں گے۔

پیر کے روز وزارت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کانفرنس کا بنیادی مقصد زرعی شعبے کی مجموعی ترقی، کسانوں کی آمدنی میں اضافہ اور مرکز و ریاستی حکومتوں کے درمیان بہتر تال میل قائم کرنا ہے۔ اس کے ساتھ وزارتِ زراعت و کسان بہبود کی مختلف اسکیموں اور پروگراموں کی پیش رفت کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

کانفرنس کے دوران کسان رجسٹری کی پیش رفت، باغبانی کے شعبے کے امکانات، دالوں میں خود کفالت مشن، قومی خوردنی تیل و تیلہن مشن، پی ایم آشا، قومی قدرتی زراعت مشن، فارم کریڈٹ اور کسان کریڈٹ کارڈ جیسے اہم موضوعات پر تفصیل سے گفتگو ہوگی۔

اس کے علاوہ نقلی کیڑے مار ادویات اور کھادوں پر قابو پانے، کھادوں کی کالا بازاری روکنے، متوازن کھاد کے استعمال کو فروغ دینے اور متبادل کھادوں کے استعمال جیسے اہم مسائل پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ وزارت کا ماننا ہے کہ ان موضوعات پر ریاستوں کے درمیان تال میل اور تجربات کے تبادلے سے زرعی شعبے کو نئی سمت ملے گی۔

کانفرنس میں مختلف ریاستوں کی جانب سے زرعی شعبے میں اپنائے گئے کامیاب نئے طریقوں اور ماڈلز کی پیشکش بھی کی جائے گی۔ اڈیشہ زرعی توسیعی کاموں کی کامیابیوں کو پیش کرے گا، جبکہ مغربی بنگال بیج کی پیداوار کے جدید طریقوں کے بارے میں معلومات فراہم کرے گا۔ دوسری جانب جھارکھنڈ ایف پی او پر مبنی ویلیو چین اور زرعی اسٹارٹ اپ نظام سے متعلق اپنے تجربات شیئر کرے گا۔ بہار مکئی کی پیداوار اور مارکیٹنگ کے کامیاب ماڈلز پیش کرے گا۔

وزارت کے مطابق یہ کانفرنس کسانوں کے مفاد میں زرعی شعبے کے مسائل کے حل، نئی اختراعات کے تبادلے اور پائیدار زرعی ترقی کی مستقبل کی حکمتِ عملی تیار کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔ کانفرنس کے بعد مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان میڈیا سے بھی خطاب کریں گے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Hindusthan Samachar Urdu