
لکھنو، 24 مئی (ہ س)۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 میں پنجاب کنگز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لکھنو سپر جائنٹس کو سات وکٹوں سے ہرا کر پلے آف کی دوڑ میں خود کو مضبوطی سے برقرار رکھا ہے۔ ایکانا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں پنجاب نے جاندار بلے بازی کے دم پر 197 رنوں کے ہدف کو آسانی سے حاصل کر کے اہم جیت درج کی۔
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے لکھنو سپر جائنٹس نے مقررہ 20 اوور میں چھ وکٹ کھو کر 196 رن بنائے۔ ٹیم کے لیے جوش انگلس نے سب سے بڑی اننگز کھیلتے ہوئے 72 رن بنائے اور مڈل آرڈر میں آیوش بڈونی نے تیز بلے بازی کرتے ہوئے اہم تعاون دیا۔ آخری اووروں میں عبدالصمد نے تیز رن بٹور کر ٹیم کو مسابقتی اسکور تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
حالانکہ لکھنو کا آغاز امید کے مطابق نہیں رہا اور باقاعدہ وقفے سے وکٹ گرتے رہے۔ پنجاب کے گیند بازوں نے بیچ کے اووروں میں رن کی رفتار پر کنٹرول برقرار رکھا۔ یوزویندر چہل اور مارکو یانسن نے دو دو وکٹ لے کر حریف ٹیم کو بڑے اسکور کی طرف بڑھنے سے روکا۔
197 رن کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری پنجاب کی ٹیم نے خود اعتمادی کے ساتھ بلے بازی کی۔ پربھسمرن سنگھ نے جارحانہ انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو تیز شروعات دلائی اور نصف سنچری اننگز کھیلی۔ اس کے بعد کپتان شریاس ائیر نے مورچہ سنبھالتے ہوئے ذمہ داری کے ساتھ کھیل کو آگے بڑھایا۔
ائیر نے اپنی اننگز کے دوران بہترین شاٹس لگائے اور آخر تک ناٹ آوٹ رہتے ہوئے ٹیم کو جیت دلائی۔ انہوں نے چھکا لگا کر اپنی پہلی آئی پی ایل سنچری مکمل کی، جو ان کے ٹی-20 کریئر کی سب سے یادگار اننگز میں شامل ہو گئی۔ ان کی یہ کپتانی اننگز پنجاب کے لیے بیحد اہم ثابت ہوئی۔
اس جیت کے ساتھ پنجاب کنگز کے پوائنٹس بڑھ گئے ہیں اور ٹیم کے پلے آف میں پہنچنے کے امکانات قوی ہوئے ہیں۔ وہیں لکھنو سپر جائنٹس کو اس ہار سے بڑا جھٹکا لگا ہے اور اس کی راہ اب پہلے سے زیادہ مشکل ہو گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن

