
افتتاحی میچ ہولکر اسٹیڈیم میں گوالیار چیتاز اور اجین فالکنز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
اندور، 18 مئی (ہ س)۔
مدھیہ پردیش لیگ (ایم پی ایل) 2026 ،3 جون کو اندور میں شروع ہوگی۔ اس سال، ٹورنامنٹ میں توسیع کی گئی ہے، جس میں 10 مردوں اور 5 خواتین کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ یہ میچ اندور کے مختلف میدانوں میں کھیلے جائیں گے۔
مردوں کے ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ 3 جون کو شام ساڑھے7 بجے ہولکر اسٹیڈیم میں گوالیار چیتاز اور اجین فالکنز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ خواتین کا مقابلہ 4 جون کو شروع ہوگا جس کے افتتاحی میچ میں چمبل گھڑیال کا مقابلہ گوالیار شیرنس سے ہوگا۔ یہ میچ اندور کے ڈیلی کالج میں صبح 10 بجے کھیلا جائے گا۔
ایم پی ایل کے سابق چیئرمین سندھیا نے کہا، ہمیں مدھیہ پردیش لیگ کے آئندہ سیزن کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔ اس بار زیادہ ٹیمیں، زیادہ میچز اور خواتین کا ایک وسیع مقابلہ اسے پہلے سے کہیں زیادہ بڑا اور مسابقتی بنا دے گا۔
انہوں نے مزید کہا، یہ لیگ مدھیہ پردیش کے ابھرتے ہوئے کرکٹرز کو ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ سیزن شائقین کیلئے اعلیٰ معیار کی کرکٹ اور دلچسپ مقابلہ پیش کرے گا۔
خواتین کے مقابلے میں پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست ٹیم براہ راست فائنل میں پہنچ جائے گی۔ ایلیمینیٹرمقابلہ 12 جون کو کھیلا جائے گا جبکہ خواتین کا فائنل 13 جون کو ہولکر اسٹیڈیم میں ہوگا۔
مردوں کے ڈبل ہیڈر اور ٹرپل ہیڈر میچز 4 جون سے شروع ہوں گے۔ مالوا اسٹالینز کا مقابلہ دوپہر 3 بجے چمبل گھڑیال سے ہوگا۔ 4 جون کو اس کے بعد شام 7:30بجے بھوپال لیپرڈس اور اندور پنک پینتھرس کا مقابلہ ہوگا۔
مردوں کا لیگ مرحلہ 24 جون تک چلے گا، جبکہ دونوں سیمی فائنلز 25 جون کو ہولکر اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ ایم پی ایل 2026 کا فائنل 26 جون کو شام 7:30 بجے اندور کے ہولکر اسٹیڈیم میں ہوگا۔
اس بار مالوا اسٹالینز، اجین فالکنز اور رائل نیماڑ ایگلز مردوں کے زمرے میں نئی ٹیمیں ہیں۔ بھوپال لیپرڈس، بندیل کھنڈ بلز، چمبل گھڑیال، گوالیار چیتاز، اندور پنک پینتھرز، جبل پور رائل لائنز، اور ریوا جیگوارز بھی ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گے۔
خواتین کے زمرے میں گوالیار شیرنس اور رائل نیماڑ ایگلز نئی فرنچائز ہیں۔ یہ ٹیمیں بھوپال وولوز، بندیل کھنڈ بلز اور چمبل گھڑیال کے ساتھ مقابلہ کریں گی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی

