
آئی پی ایل 2026 : حیدرآباد نے چنئی کو 5 وکٹ سے ہرا کر پلے آف میں جگہ بنائی
چنئی، 19 مئی (ہ س)۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 میں سن رائزرس حیدرآباد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چنئی سپر کنگز کو 5 وکٹ سے ہرا کر پلے آف میں اپنی جگہ پکی کر لی۔ چیپاک اسٹڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں حیدرآباد نے متوازن کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہدف کو ایک اوور پہلے ہی حاصل کر لیا۔ اس جیت کے ساتھ ٹیم نے ناک آوٹ مرحلے کا ٹکٹ حاصل کر لیا، جبکہ چنئی کے لیے آخری چار میں پہنچنے کی راہ بیحد مشکل ہو گئی ہے۔
ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے اتری چنئی سپر کنگز نے 20 اوور میں 7 وکٹ کے نقصان پر 180 رن بنائے۔ ٹیم کو تیز شروعات ملی اور بلے بازوں نے ابتدائی اووروں میں تیزی سے رن جوڑے۔ سنجو سیمسن نے جارحانہ انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے 13 گیندوں پر 27 رن بنائے اور ٹیم کو مضبوط شروعات دلائی۔ اس کے بعد کارتک شرما نے بھی تیزی دکھائی اور 19 گیندوں پر 32 رن جوڑے۔
مڈل آرڈر میں ڈیوالڈ بریوس نے اننگ کو سنبھالتے ہوئے 27 گیندوں میں 44 رن بنائے۔ ان کے ساتھ شیوم دوبے نے مفید 26 رن کی اننگ کھیلی۔ دونوں بلے بازوں نے پانچویں وکٹ کے لیے اہم شراکت داری کر کے ٹیم کو قابل اطمینان اسکور تک پہنچایا۔ حیدرآباد کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز گیند بازی میں سب سے موثر ثابت ہوئے۔ انہوں نے چار اوور میں 28 رن دے کر تین اہم وکٹ جھٹکے۔ ثاقب حسین نے دو وکٹ لیے، جبکہ ایشان ملنگا اور پرفل ہنگے کو ایک ایک کامیابی ملی۔
ہدف کا تعاقب کرنے اتری حیدرآباد کی ٹیم نے صبر اور جارحیت کا توازن برقرار رکھا۔ ٹیم کے بلے بازی یونٹ نے دباو کی صورتحال میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 19 اوور میں پانچ وکٹ کھو کر جیت درج کر لی۔ حیدرآباد کے لیے ایشان کشن نے سب سے زیادہ 70 رن بنائے۔ جبکہ ہینرک کلاسن نے 47 رن اور ابھشیک شرما نے 26 رن کا تعاون دیا۔ اس نتیجے کے بعد حیدرآباد اور گجرات کی ٹیموں نے پلے آف میں جگہ یقینی بنا لی ہے، جبکہ باقی ٹیموں کے درمیان باقی ایک مقام کے لیے مقابلہ اور دلچسپ ہو گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن

