Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story

مہاراشٹر میں نئے بی فارما اور ڈی فارما کالجوں پر پابندی، 2031 تک نئے کورسز کی منظوری روک دی

ممبئی، 16 مئی (ہ س)۔ مہاراشٹر حکومت نے ریاست میں فارمیسی کالجوں کے بے تحاشہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سن 2031 تک نئے ڈگری اور ڈپلومہ کورسز شروع کرنے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس کی ہدایت کے بعد اعلیٰ و تکنیکی تعلیم محکمہ کی جانب سے کیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت کے فیصلے کے مطابق مہاراشٹر میں نئے بی فارما اور ڈی فارما کالجوں کو اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ موجودہ کالجوں میں نشستوں میں اضافہ کیا جائے گا۔ تعلیمی سال 2027-28 سے 2030-31 تک نئے بی فارما اور ڈی فارما کورسز شروع کرنے پر مکمل پابندی رہے گی۔ حکومت نے ہنرمندی پر مبنی تعلیم کو فروغ دینے اور مہارت کی ترقی کو تیز کرنے کے لیے نئے اسکل ڈیولپمنٹ مراکز قائم کرنے کی منظوری دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ کورونا وبا کے دوران فارمیسی کونسل آف انڈیا نے مہاراشٹر میں فارمیسی کے 220 نئے ڈپلومہ اور 92 نئے ڈگری کالجوں کو منظوری دی تھی۔ تاہم بعد میں یہ بات سامنے آئی کہ ان اداروں میں تدریس کے لیے ضروری بنیادی سہولیات موجود نہیں ہیں۔ اس کے بعد اعلیٰ و تکنیکی تعلیم محکمہ نے تکنیکی تعلیم نظامت اور تکنیکی تعلیمی بورڈ کے ذریعے ان اداروں کا معائنہ کرایا۔ جانچ کے دوران 48 ڈگری کورسز اور 128 ڈپلومہ کورسز فارمیسی کونسل کے معیار پر پورا نہیں اترے، جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اگرچہ بعد میں فارمیسی کونسل آف انڈیا نے ان اداروں پر عائد پابندی ہٹا دی تھی۔حکومت کے مطابق ریاست میں فارمیسی ڈگری کی تقریباً 30 فیصد نشستیں خالی ہیں، جس کے پیش نظر یہ سخت فیصلہ لیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے یہ بھی کہا ہے کہ تعلیم اور صنعت کے درمیان موجود فرق کو کم کرنے کے لیے دوا ساز کمپنیوں کے ساتھ اشتراک بڑھایا جائے گا تاکہ طلبہ کو انٹرن شپ، عملی تربیت اور تحقیقی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / جاوید این اے

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Hindusthan Samachar Urdu