
حیدرآباد، 16 مئی (ہ س)۔ وزیراعلی ریونت ریڈی نے کہا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں انڈیا الائنس کی جانب سے راہل گاندھی وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے ۔ حیدرآباد میں ایک میڈیا ہاؤز کے کانکلیو میں حصہ لیتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ گاندھی خاندان پر عوام کو مکمل بھروسہ ہے۔ ہندوستانی عوام ملک کے لئے گاندھی خاندان کی قربانیوں سے بخوبی واقف ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ریونت ریڈی نے کہا کہ انہوں نے 10 برسوں تک تلگو دیشم پارٹی میں کام کیا ہے اور چندرا بابو نائیڈو ابھی بھی ان کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی سے علحدگی اختیار کرنے کے بعد قیادت سے بہتر تعلقات برقرار رکھنا کافی مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی ملک میں کانگریس پارٹی کو برسر اقتدار دیکھنا چاہتے ہیں لیکن انہیں وزیراعظم کے عہدہ سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ وقار آباد میں پارٹی کے اجلاس میں میں نے راہل گاندھی کو وزارت عظمیٰ کے عہدہ کو قبول کرنے کی خواہش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں انڈیا الائنس کا برسر اقتدار آنا یقینی ہے۔ کانگریس کی جانب سے راہل گاندھی کے نام کے اعلان کے بعد حلیف پارٹیوں کو راضی کیا جائے گا۔ انڈیا الائنس کی جانب سے عوام کیلئے پالیسی ڈاکیومنٹ جاری کرنے کی سفارش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2024 سے 2034 تک تلنگانہ میں کانگریس کا اقتدار رہے گا اور 2034 تک میں ہی وزیراعلی رہوں گا اور عوام کی خدمت کروں گا۔ 2034 کے بعد میں وزیراعلی کا عہدہ آنے والی نسل کے لئے چھوڑ دوں گا۔ ۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق

