Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
مدھیہ پردیش کے پانڈھرنا میں تین دن سے 230 فٹ اونچے ٹاور پر بیٹھا ہے ہے ایک شخص

مدھیہ پردیش کے پانڈھرنا میں تین دن سے 230 فٹ اونچے ٹاور پر بیٹھا ہے ہے ایک شخص

پانڈھرنا، 08 جولائی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے پانڈھرنا ضلع کے تین شیر چوک پر گزشتہ تین دنوں سے ایک بے حد حیران کن واقعہ چل رہا ہے۔ یہاں تقریباً 230 فٹ اونچے بی ایس این ایل کے موبائل ٹاور پر چڑھا ایک نامعلوم بزرگ تیسرے دن یعنی بدھ کے روز بھی نیچے نہیں اترا ہے۔ مسلسل ہو رہی بارش، تیز ہواوں اور کڑاکے کی ٹھنڈ کے درمیان وہ ٹاور کے سب سے اوپر والے سرے پر بیٹھا ہوا ہے۔

بدھ کی صبح انتظامیہ نے ٹاور پر بیٹھے شخص کی حالت اور سرگرمیوں کا درست اندازہ لگانے کے لیے ڈرون کیمروں کا سہارا لیا۔ ڈرون سے لی گئی تصویروں میں وہ ٹاور کے بالکل آخری سرے پر بیٹھا صاف نظر آ رہا ہے۔ علاقے میں ہو رہی مسلسل بارش اور ٹھنڈ سے بچنے کے لیے وہ اپنے پاس موجود ایک گمچھے سے خود کو ڈھانپنے کی کوشش کرتا نظر آیا۔

تھانہ انچارج امت دانی نے بتایا کہ یہ پورا ہائی وولٹیج ڈرامہ پیر کی شام تقریباً 5 بجے شروع ہوا تھا، جب یہ شخص اچانک ٹاور پر چڑھ گیا۔ اب تک دو بار خاص طور پر تربیت یافتہ ریسکیو ایکسپرٹس کو اسے محفوظ نیچے اتارنے کے لیے ٹاور پر اوپر بھیجا گیا، لیکن کامیابی نہیں ملی۔

دراصل، ٹاور پر چڑھے ایکسپرٹ راجا بابو چودھری نے بتایا کہ ٹاور پر بیٹھا شخص ذہنی طور پر بیمار لگ رہا ہے۔ وہ اپنے ساتھ تقریباً 15 فٹ طویل لوہے کی ایک راڈ لے کر گیا ہے۔ جیسے ہی ریسکیو ٹیم کا کوئی رکن اس کے قریب پہنچنے کی کوشش کرتا ہے، وہ اس راڈ سے ان پر جان لیوا حملہ کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ ایکسپرٹس کے مطابق، وہ بزرگ اپنے ساتھ بسکٹ کے پیکٹ اور پانی کی بوتلیں لے کر اوپر چڑھا ہے۔ جب اسے کھانا دینے یا نیچے آنے کی بات کہی گئی، تو اس نے جھلاتے ہوئے کہا ''تو جا یہاں سے، میں خود ہی نیچے آ جاوں گا''۔

ایس ڈی او پی برجیش بھارگو نے بتایا کہ انتظامیہ ہر ممکن طریقے سے اسے محفوظ نیچے لانے کی کوشش کر رہی ہے۔ چونکہ پانڈھرنا قبائلی اکثریتی اور مہاراشٹر کی سرحد سے متصل علاقہ ہے، اس لیے لاوڈ اسپیکر کے ذریعے ہندی، مراٹھی اور گونڈی ان تین مقامی زبانوں میں مسلسل اناونسمنٹ کرا کر اس سے نیچے اترنے کی جذباتی اپیل کی گئی ہے، لیکن اس نے کوئی مثبت جواب نہیں دیا۔ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال یا پاوں پھسلنے کے خدشے کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے احتیاطاً ٹاور کے چاروں طرف نیچے بڑے بڑے حفاظتی جال، گدے اور میٹنگ بچھا دی ہے، تاکہ اگر وہ نیچے گرے یا کودنے کی کوشش کرے، تو اس کی جان بچائی جا سکے۔ شخص کی عمر تقریباً 55 سے 60 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہے۔

تھانہ انچارج نے عام عوام اور مقامی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی بھی شخص اس حلیے کے بزرگ کو پہچانتا ہو، تو فوری طور پر پولیس کو مطلع کرے۔ انتظامیہ کا ماننا ہے کہ اگر اس کے خاندان یا کسی واقف کار کو سامنے لا کر اس سے بات کرائی جائے، تو سمجھانے بجھانے کے بعد اسے محفوظ نیچے اتارا جا سکتا ہے۔ فی الحال پولیس، انتظامیہ اور بچاو مہم کی ٹیم اس پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Hindusthan Samachar Urdu