Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
مدھیہ پردیش کے باندھوگڑھ ٹائیگر ریزرو میں شیئر کے حملے سے خاتون کی موت، 25 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان

مدھیہ پردیش کے باندھوگڑھ ٹائیگر ریزرو میں شیئر کے حملے سے خاتون کی موت، 25 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان

وزیراعلیٰ نے حادثے پر افسوس ظاہر کیا، متوفیہ کے اہل خانہ کو مالی امداد کی دی ہدایت

بھوپال، 24 مئی (ہ س)۔

مدھیہ پردیش کے امریا ضلع میں واقع عالمی شہرت یافتہ باندھوگڑھ ٹائیگر ریزرو کے پنپتھا رینج علاقے میں ہفتے کی رات ایک شیئر نے گھر میں گھس کر حملہ کر دیا، جس میں ایک خاتون کی موت ہو گئی اور چار دیگر افراد زخمی ہو گئے۔ وزیراعلیٰ موہن یادو نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متوفیہ کے اہل خانہ کو 25 لاکھ روپے مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔

امریا ضلع میں واقع عالمی شہرت یافتہ باندھوگڑھ ٹائیگر ریزرو کے پنپتھا رینج کے گاوں کھیروا ٹولہ کی رہائشی خاتون پھول بائی پال (48) زوجہ پہلو پال ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات اپنے گھر میں سو رہی تھی۔ رات تقریباً 3 بجے شیئر نے گھر میں گھس کر خاتون پر حملہ کر دیا، جس سے اس کی موت ہو گئی۔ شیئر کے حملے میں دشئیا پال سمیت چار لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ واقعے کے بعد کافی دیر تک خاتون کی لاش گھر کے اندر پڑی رہی اور شیئر آس پاس ہی موجود تھا۔

گاوں والوں کی اطلاع پر اتوار کی صبح محکمۂ جنگلات کی ٹیم گاوں پہنچی، جس کے بعد زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا۔ اطلاع ملنے پر اندوار پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ گاوں والوں کا کہنا ہے کہ طویل عرصے سے علاقے میں شیئر کی سرگرمیاں بڑھی ہوئی ہیں، لیکن سیکورٹی کے مناسب انتظامات نہیں کیے گئے۔

واقعے کے بعد گاوں میں تناو کی صورتحال بن گئی ہے۔ غصے میں آئے گاوں والوں نے پنپتھا رینجر پرتیک شریواستو کے ساتھ مار پیٹ کر دی، جس میں انہیں شدید چوٹیں آئیں اور سر پر بھی چوٹ لگی ہے۔ کسی طرح انہیں وہاں سے باہر نکالا گیا۔ اسی دوران خاتون رینجر انجو ورما کو بھی گاوں والوں نے گھیر لیا اور ان کے ساتھ دھکا مکی و مار پیٹ کی گئی۔ بعد میں مقامی عوامی نمائندوں اور حکام نے صورتحال کو سنبھالنے کی کوشش کی۔

واقعے کی معلومات ملنے پر کانگریس رہنما اور جنپد رکن روشنی سنگھ دھروے موقع پر پہنچیں۔ انہوں نے دیہاتیوں کو شانت کرانے اور خاتون رینجر کو آزاد کرانے کی کوشش کی، لیکن کافی دیر تک گاوں والوں کا غصہ ٹھنڈا نہیں ہوا۔ پنپتھا علاقے کے ایس ڈی او بھورا گائیکواڑ نے اتوار کے روز بتایا کہ فی الحال انتظامیہ امن و قانون کی صورتحال سنبھالنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال معمول پر آنے کے بعد تفصیلی معلومات دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے باندھوگڑھ نیشنل پارک کے تحت آنے والے گاوں کھیروا ٹولہ، ضلع امریا میں شیئر کے حملے میں ایک خاتون کی موت اور کچھ شہریوں کے زخمی ہونے پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے حملے میں متوفیہ کے اہل خانہ کو 25 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ زخمیوں کے مفت علاج اور ضروری معاوضہ فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اتوار کے روز سوشل میڈیا پر دیے گئے اپنے پیغام میں بابا مہاکال سے آنجہانی کی روح کے سکون اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے پرارتھنا کی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / انظر حسن

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Hindusthan Samachar Urdu