Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
مرکزی وزیر راجیو رنجن سنگھ 25 مئی کو میزورم میں 32.15 کروڑ روپے کی مالیت کے ماہی گیری پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے

مرکزی وزیر راجیو رنجن سنگھ 25 مئی کو میزورم میں 32.15 کروڑ روپے کی مالیت کے ماہی گیری پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے

نئی دہلی، 24 مئی (ہ س)۔

مرکزی ماہی پروری اور حیوانات کے وزیر راجیو رنجن سنگھ، جنہیں للن سنگھ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، 25 مئی کو میزورم میں 32.15 کروڑ روپے کے اہم ماہی گیری کے پروجیکٹوں کا آغاز کریں گے۔ ان پروجیکٹوں کا مقصد شمال مشرقی خطہ میں ایک جدید، پائیدار اور خود انحصار ماہی گیری کے نظام کو فروغ دینا ہے۔

ماہی پروری، حیوانات اور دودھ کی پیداوار کی وزارت کے مطابق، علاقائی جائزہ اجلاس: شمال مشرقی خطہ -2026 تقریب کا انعقاد آیزول میں کیا جائے گا۔ اس تقریب کے دوران وزیر راجیو رنجن سنگھ پردھان منتری متسیا سمپدا یوجنا (پی ایم ایم ایس وائی) اور فشریز اینڈ ایکوا کلچر انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ فنڈ (ایف آئی ڈی ایف) کے تحت مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔

وزارت نے کہا کہ یہ اقدام شمال مشرقی ریاستوں میں ماہی گیری کے شعبے کو مضبوط بنانے اور مقامی روزگار اور روزی روٹی کے مواقع بڑھانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ اس تقریب میں مرکزی وزیر علاقے کے ماہی گیری سے مستفیدین میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کریں گے۔ ان میں فشریز کسان کریڈٹ کارڈ (کے سی سی)، بہترین فشریز اسٹارٹ اپ اور اہم فشریز کوآپریٹیو شامل ہیں۔

مرکزی وزرائے مملکت ایس پی سنگھ بگھیل اور جارج کورین بھی موجود رہیں گے۔ مزید برآں، اروناچل پردیش، آسام، منی پور، میگھالیہ، میزورم، ناگالینڈ، سکم اور تریپورہ کے ماہی پروری اور حیوانات کے وزراء کے ساتھ ساتھ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے محکموں کے سکریٹریوں اور سینئر افسران بھی شرکت کریں گے۔

میٹنگ کا بنیادی مقصد شمال مشرقی خطہ میں ماہی گیری، مویشی پروری اور ڈیری کے شعبوں میں لاگو کی جارہی مختلف اسکیموں اور پروگراموں کی پیشرفت کا جائزہ لینا اور کسانوں کی بہبود، پائیدار علاقائی ترقی اور دیہی معاش کو مضبوط بنانے کے لیے مستقبل کی حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔

تقریب کے دوران کئی اہم منصوبوں اور اقدامات کا آغاز بھی کیا جائے گا۔ ان میں ملٹی پرپز ڈیری کوآپریٹو سوسائٹیز (ایم ڈی سی ایس) کو وسعت دینے کے لیے گاو¿ں کی سطح کے سروے کا آغاز، افریقی سوائن فیور سے متعلق آگاہی فلم کی ریلیز، کتابچہ گڈ اینیمل ہسبنڈری پریکٹسز ان پگ فارمنگ کا اجرا، اور میزورم ملک پروڈیوسر کی طرف سے ملکو گائے کے گھی کا اجراءشامل ہیں۔

مزید برآں، میزو کیفے کا افتتاح، ایک ایف پی او آفس-کم-سیلز آو¿ٹ لیٹ کا آغاز اور مختلف پراجیکٹس کا سنگ بنیاد بھی رکھا جائے گا۔ اجلاس میں پیداوار میں اضافہ، ویلیو چین گیپس کو دور کرنے، مارکیٹ کے روابط کو مضبوط بنانے اور برآمدات کو فروغ دینے جیسے موضوعات پر توجہ دی جائے گی۔

مرکزی حکومت کا خیال ہے کہ ان اقدامات سے شمال مشرقی خطہ میں ماہی گیری اور جانوروں پر مبنی معیشت کو ایک نئی تحریک ملے گی اور کسانوں، کاروباریوں اور کوآپریٹیو کو طویل مدتی فوائد حاصل ہوں گے۔

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Hindusthan Samachar Urdu