
امپھال، 16 مئی (ہ س)۔ منی پور کے کانگ پوکپی ضلع میں کوٹلن اور کوٹجیم انٹر ولیج روڈ کے درمیان زیرو پوائنٹ پر 13 مئی کو ہوئے المناک حملے کے بعد، انتظامیہ اور سیکورٹی ایجنسیوں نے حالات کو بحال کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر کاروائی شروع کیا ہے۔ اس حملے میں تین شہری ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔ شبہ ہے کہ یہ حملہ نامعلوم عسکریت پسندوں نے کیا ہے۔
اس واقعے کے بعد، کانگ پوکپی ضلع کے لیلون وائیفی اور ساپورمینا گاؤں اور ضلع سیناپتی میں مختلف کمیونٹیز کے کئی شہریوں کو حراست میں لیا گیا، جس سے علاقے میں کشیدگی کا ماحول پیدا ہو گیا۔
انتظامیہ، سیکورٹی فورسز، سماجی تنظیموں اور عوامی نمائندوں کی مشترکہ کوششوں سے اب تک مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے والے کل 28 شہریوں کو بحفاظت چھڑایا جا چکا ہے۔ حکام نے بتایا کہ باقی افراد کی بحفاظت رہائی کو یقینی بنانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ امن برقرار رکھیں اور علاقے میں حالات معمول پر لانے اور باقی تمام شہریوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کے لیے سیکورٹی فورسز اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد

