
اندور، 17 جون (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے اندور میں پولیس نے اسکریپ تاجر کے ملازم سے ہوئی 29 لاکھ 65 ہزار روپے کی لوٹ کی واردات کا انکشاف کرتے ہوئے تین ملزموں کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ پولیس نے ملزموں کے قبضے سے لوٹی گئی رقم میں سے 22 لاکھ 60 ہزار روپے نقد، لوٹ کی رقم سے خریدی گئی ایک آئی-20 کار اور واردات میں استعمال ہونے والا دیگر سامان ضبط کیا ہے۔
پولیس ہیڈ کوارٹر کی طرف سے بدھ کے روز معلومات دی گئیں کہ فریادی مکل اگروال، رہائشی رام چندر نگر ایکسٹینشن، اندور نے تھانہ پنڈھری ناتھ میں رپورٹ درج کرائی تھی کہ 11 جون کو وہ اپنے اسکریپ کے کاروبار سے متعلق مختلف اداروں سے ادائیگی کی رقم وصول کر کے تقریباً 29 لاکھ 65 ہزار روپے نقد لے کر دو پہیہ گاڑی سے جا رہا تھا۔ اسی دوران رات کے وقت جیسوال دھرم شالہ کے قریب دو نامعلوم افراد نے اسے روک کر مار پیٹ کی اور نقدی سے بھرا بیگ چھین کر فرار ہو گئے۔
واردات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پولیس کمشنر سنتوش کمار سنگھ کی ہدایت پر 8 خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دے کر ملزموں کی تلاش شروع کی گئی۔ جانچ کے دوران پولیس ٹیموں نے جائے وقوعہ اور ممکنہ راستوں کے 800 سے زیادہ سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا باریک بینی سے تجزیہ کیا۔ تکنیکی شواہد، مخبروں کے نیٹ ورک کی بنیاد پر ایک مشتبہ ایکٹیوا گاڑی کی شناخت کی گئی، جس پر فرضی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی۔ اس کے بعد اندور سمیت آس پاس کے اضلاع اور دیگر ریاستوں میں ممکنہ ٹھکانوں پر لگاتار چھاپے مارے گئے۔
مزید جانچ میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزموں نے واردات کو پوری منصوبہ بندی کے ساتھ انجام دیا تھا۔ ملزموں کے ذریعے فریادی کی پہلے سے ریکی کی جا رہی تھی اور ادائیگی جمع کرنے کی پہلی جگہ سے ہی اس کا پیچھا کیا جا رہا تھا۔ مناسب موقع ملتے ہی انہوں نے لوٹ کی واردات کو انجام دیا۔ پوچھ گچھ میں اہم ملزم نے بتایا کہ کرپٹو کرنسی میں ہوئے مالی نقصان اور بڑھتے ہوئے قرض کی وجہ سے اس نے لوٹ کا منصوبہ بنایا تھا۔ اس نے اپنے دو ساتھیوں کو فریادی کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے اور ریکی کرنے کا ذمہ سونپا تھا۔
پولیس ٹیموں نے لگاتار چھاپے ماری اور تکنیکی شواہد کی بنیاد پر اہم ملزم کو گرفتار کر لیا۔ اس کی نشاندہی پر شریک ملزم کو بھی الگ الگ مقامات سے گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے بقیہ لوٹی گئی رقم کی برآمدگی اور کیس سے جڑے دیگر حقائق کے سلسلے میں ملزموں کا پولیس ریمانڈ حاصل کیا ہے۔ معاملے میں تفصیلی تفتیش جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن

