
جموں, 24 مئی (ہ س)مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا ہے کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر میں ترقی کا نیا دور شروع ہوا اور عوام کی سوچ میں بھی مثبت تبدیلی آئی ہے۔وہ اتوار کو لکھن پور میں پنڈت دین دیال اپادھیائے پرشکشن مہا ابھیان-2026 کے تحت منعقدہ تربیتی کیمپ سے خطاب کر رہے تھے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر میں تاریخی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 کے خاتمے سے نہ صرف ترقیاتی عمل کو نئی رفتار ملی بلکہ لوگوں میں برابری، خود اعتمادی اور خودداری کا احساس بھی پیدا ہوا۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوان اب خوف کی فضا سے نکل کر ملک بھر میں مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے دفعہ 370 سے متعلق قانون سازی کو تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ قدم خطے کی مکمل تبدیلی کا سبب بنا۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ دفعہ 370 جمہوری اقدار کے منافی تھی اور اس کے ذریعے مخصوص مفادات رکھنے والے عناصر فائدہ اٹھاتے رہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں 2016 سے سرکاری ملازمتوں کے انٹرویوز ختم کر دیے گئے تھے، تاہم جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کے باعث اس اصلاح کو نافذ نہیں کیا جا سکا تھا۔
انہوں نے کہا کہ 2014 کے بعد ملک میں مایوسی، بدعنوانی اور منفی سیاست کی جگہ ترقی، خوشحالی اور قوم سازی کے ماحول نے لے لی ہے۔ گزشتہ 12 برسوں میں بھارت کی عالمی سطح پر اہمیت اور وقار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے چنینی-ناشری ٹنل کو ان کے نام سے منسوب کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کٹھوعہ اور جموں و کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کٹھوعہ میں بایوٹیک پارک قائم کیا جا رہا ہے جس سے تقریباً 25 صنعتکاروں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں قائم 14 میڈیکل کالجوں میں سے 3 کٹھوعہ ضلع میں ہیں۔
مرکزی وزیر نے بتایا کہ مرکز کے زیر انتظام خطے میں دو ایمس ادارے قائم کیے گئے ہیں اور وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر کو خصوصی ترجیح دی ہے۔کھیلوں کے شعبے میں ترقی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہیرا نگر میں تقریباً 300 کنال اراضی پر بین الاقوامی معیار کے اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے اقدامات جاری ہیں اور اس سلسلے میں جموں و کشمیر انتظامیہ کے ساتھ بات چیت ہو رہی ہے۔انہوں نے اروما مشن کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے نوجوانوں کو روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع حاصل ہو رہے ہیں۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے مزید کہا کہ کشتواڑ میں 3000 میگاواٹ بجلی منصوبہ قائم کرنے کی تجویز ہے جو ملک کے بڑے پاور پروجیکٹس میں شمار ہوگا۔انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اچھی حکمرانی سے پیدا ہونے والے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور وکست بھارت کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے اجتماعی طور پر کام کریں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر

