
بھوپال، 17 مئی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے بیتول ضلع میں ہفتہ کی رات زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 3.9 ریکارڈ کی گئی۔ اس کی معلومات نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی نے سوشل میڈیا ''ایکس'' پر شیئر کی ہے۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے کے بعد لوگ دہشت میں آ گئے۔
نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق، رات 9 بج کر 31 منٹ 2 سیکنڈ پر 3.9 شدت کا زلزلہ درج کیا گیا۔ زلزلے کا مرکز بیتول ضلع میں ملتائی کے مانی کھاپا گاوں کے پاس واقع تھا۔ اس کی گہرائی زمین سے تقریباً 10 کلومیٹر نیچے بتائی گئی ہے۔ یہ مرکز پچمڑھی سے تقریباً 68 کلومیٹر جنوب-جنوب مشرق کی سمت میں تھا۔
نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق، اس کا اثر بیتول اور چھندواڑہ ضلع کی سرحد سے ملحقہ علاقوں میں بھی محسوس کیا گیا۔ زلزلے کے جھٹکے سطح کے قریب محسوس ہوئے۔ فی الحال کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
ادھر، زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے سے ملتائی میں کئی لوگوں نے گھروں کے گیٹ، کھڑکیاں اور دروازے ہلتے ہوئے نظر آئے۔ سماجی کارکن پاشا خان نے بتایا کہ رات تقریباً 9.31 بجے اچانک ارتعاش محسوس ہوا اور گھر کا گیٹ ہلنے لگا۔ اس کے بعد بھی ہلکے جھٹکے کچھ دیر تک محسوس ہوتے رہے، جس سے لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلے کی شدت 3.9 ریکٹر اسکیل ہونے کے باوجود، مرکز کی گہرائی کم ہونے کی وجہ سے ارتعاش زیادہ محسوس ہوا۔ ملتائی اور پانڈھرنا سمیت کئی علاقوں میں لوگ دیر تک گھروں کے باہر کھڑے رہے۔ لوگوں نے ایک دوسرے کو فون کر کے معلومات حاصل کیں اور چوکسی برتی۔ راحت کی بات یہ ہے کہ اب تک کسی قسم کے جانی نقصان یا بڑے نقصان کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔ انتظامیہ نے لوگوں سے افواہوں پر دھیان نہ دینے اور محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے علاقے میں ہلکا ارتعاش محسوس ہو رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق، اصل زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا امکان برقرار رہتا ہے۔ اس لیے لوگوں کو خستہ حال عمارتوں سے دور رہنے اور احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن

