Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
روس کے ہاتھوں 4-0 سے شکست کے باوجود نوجوان بھارتی ٹیم کی کارکردگی سے کوچ کرسپن چھیتری مطمئن

روس کے ہاتھوں 4-0 سے شکست کے باوجود نوجوان بھارتی ٹیم کی کارکردگی سے کوچ کرسپن چھیتری مطمئن

کولکاتا، 9 اکتوبر (ہ س)۔ بھارتی خواتین کی فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ کرسپن چھیتری نے روس کے خلاف پہلے بین الاقوامی دوستانہ میچ میں 4-0 سے شکست کے باوجود اپنی نوجوان ٹیم کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم نے ابتدائی مرحلے میں اچھا حوصلہ اور مقابلہ کرنے کا جذبہ دکھایا اور کھلاڑیوں کو اس تجربے سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا چاہیے۔

کشور بھارتی کریڑانگن میں کھیلے گئے اس مقابلے میں روس کی ایانا شینا نے 40ویں منٹ میں شاندار گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ اس کے بعد متبادل کھلاڑی کیرا پیتوخوفا نے 60ویں اور 65ویں منٹ میں لگاتار دو گول کیے۔ ایانا سوستونوفا نے 81ویں منٹ میں گول کرکے روس کی جیت 0-4 سے یقینی بنا دی۔ دوسرے ہاف میں روس کے مسلسل حملوں کے سامنے بھارتی ٹیم دباؤ میں آ گئی۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس میں چھیتری نے کہا، ''اس میچ کی مثبت بات یہ رہی کہ نوجوان ٹیم ہونے کے باوجود ہم نے مقابلہ کرنے کا جذبہ دکھایا۔ ہم دباؤ بنا کر کھیلنے سے نہیں ڈرتے اور نہ ہی دوڑنے سے گھبراتے ہیں۔ ہم ان چیزوں کو کرنے کی کوشش کرتے ہیں جو ہمارے اختیار میں ہیں۔''

ہیڈ کوچ نے ٹیم کے 25 روزہ تربیتی کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کے عزم اور محنت کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے روسی ٹیم کی جسمانی مضبوطی اور سیٹ پیس (مقررہ حالات میں ملنے والے مواقع) سے پیدا ہونے والے چیلنج کا سامنا کرنے کی کوشش کی۔

چھیتری نے کہا، ''سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہم نے مقابلہ کرنے کا جذبہ دکھایا اور ہمت نہیں ہاری۔ میرے لیے یہی سب سے اچھی بات ہے۔''

طویل وقت تک کھیل کی رفتار برقرار رکھنے پر توجہ ہوگی

چھیتری نے تسلیم کیا کہ جون کے بعد سے مسابقتی فٹ بال نہ کھیلنے کی وجہ سے بھارتی کھلاڑیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے برعکس روسی ٹیم اپنی ملکی لیگ کے دوران میدان میں اتری تھی اور اسے میچ کھیلنے کا بہتر تجربہ حاصل تھا۔

تاہم، انہوں نے کہا کہ اس مقابلے سے نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کا تجربہ حاصل ہوگا، جو ان کی ترقی میں مددگار ثابت ہوگا۔

11 اکتوبر کو ہونے والے دوسرے دوستانہ مقابلے کے حوالے سے چھیتری نے کہا کہ ٹیم کی توجہ طویل وقت تک کھیل کی رفتار اور شدت برقرار رکھنے میں بہتری لانے پر ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی، پہلے میچ کے آخری مرحلے میں کھیلنے والی نوجوان کھلاڑیوں کو اگلے مقابلے میں زیادہ مواقع دیے جا سکتے ہیں۔

بھارتی ٹیم کا اگلا بڑا ہدف 2029 میں ہونے والا اے ایف سی ویمنز ایشین کپ ہے۔ چھیتری نے کہا کہ ٹیم کی ترقی کے لیے زیادہ کھلاڑیوں پر مشتمل ایک مضبوط اسکواڈ تیار کرنا اہم ہے۔

روس کے خلاف دوسرا مقابلہ نوجوان بھارتی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی تجربہ حاصل کرنے اور پہلے میچ سے ملنے والے سبق کو میدان میں عملی طور پر آزمانے کا ایک اور موقع فراہم کرے گا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Hindusthan Samachar Urdu