Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
دہلی جم خانہ کلب کو 5 جون تک خالی کرنے کا حکم

دہلی جم خانہ کلب کو 5 جون تک خالی کرنے کا حکم

نئی دہلی، 23 مئی (ہ س)۔

مرکزی حکومت نے دہلی کے لوٹینز زون میں واقع مشہور دہلی جم خانہ کلب کو 5 جون تک خالی کرنے کا حکم دیا ہے۔ حکومت نے کہا کہ 27.3 ایکڑ اراضی دفاعی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے اور عوامی تحفظ سے متعلق اہم کاموں کے لیے درکار ہے۔

مرکزی وزارت برائے ہاو ¿سنگ اور شہری امور کے تحت اراضی اور ترقی کے دفتر نے 22 مئی کو کلب کے سکریٹری کو لکھے ایک خط میں یہ ہدایت جاری کی تھی۔ حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ 2، صفدر جنگ روڈ پر واقع احاطے ایک انتہائی حساس اور اسٹریٹجک علاقے میں آتا ہے، اس لیے حکومت نے لیز ختم کرنے اور زمین کو دوبارہ قبضے میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

خط میں کہا گیا کہ لیز ڈیڈ کے سیکشن 4 کے تحت ایکٹ کے مطابق، حکومت کو عوامی مقاصد کے لیے ضرورت پڑنے پر احاطے کو دوبارہ قبضے میں لینے کا حق حاصل ہے۔ اس شق کے تحت صدارتی حکم کے ذریعے لیز ختم کر دی گئی اور زمین پر دوبارہ دعویٰ کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ 27.3 ایکڑ اراضی پر تمام عمارتیں، ڈھانچے، لان اور سہولیات اب صدر کے تحت لینڈ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس کو منتقل کر دی جائیں گی۔

وزارت نے کہا کہ لینڈ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس 5 جون کو اس جگہ پر قبضہ کر لے گا، اور ٹیکنیکل برانچ اس کی حفاظت کو یقینی بنائے گی۔ کلب انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ وہ پرامن طریقے سے احاطے کا قبضہ حکومتی نمائندوں کے حوالے کر دیں۔ حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر ہدایات پر عمل نہ کیا گیا تو احاطے کو واپس لینے کے لیے قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اس خط کی کاپیاں وزارت کے متعلقہ حکام، کارپوریٹ امور کی وزارت اور پولیس انتظامیہ کو بھی بھیج دی گئی ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ قبضے کے عمل کے دوران مناسب حفاظتی انتظامات کیے جائیں۔ قبضے کے دوران ضروری نفری تعینات کرکے پولیس کو امن و امان برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ دہلی جم خانہ کلب ملک کے سب سے پرانے اور سب سے باوقار سماجی اور کھیلوں کے کلبوں میں سے ایک ہے۔ انگریزوں کے دور میں قائم ہونے والے کلب کی زمین حکومت سے لیز پر لی گئی تھی۔ کافی عرصے سے کلب کی انتظامیہ اور لیز کی شرائط پر تنازع چل رہا تھا۔ حکومت نے عوامی مفاد اور دفاعی انفراسٹرکچر کی ضرورت کا حوالہ دیتے ہوئے اب لیز کو ختم کر دیا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Hindusthan Samachar Urdu