بیڑ، 24 مئی (ہ س) بیڑ شہر کے مومن پورہ علاقے میں شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے والی ایک خاتون کو آئندہ چھ ماہ کے لیے بیڑ ضلع سے تڑی پار( ضلع بدر) کر دیا گیا ہے۔ سب ڈویژنل مجسٹریٹ کویتا جادھو نے قانون و نظم برقرار رکھنے کے لیے یہ اہم حکم جاری کیا۔ اس کارروائی کے بعد مقامی شہریوں نے راحت کا اظہار کیا ہے۔ متعلقہ خاتون کے خلاف 2014 سے 2024 کے دوران جادو ٹونا کرنے، شہریوں کو دھوکہ دینے اور دیگر الزامات سے متعلق مجموعی طور پر 10 سنگین مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق اس کی سرگرمیوں کے باعث شہریوں کی جان و مال کو خطرہ لاحق ہو گیا تھا۔معاملے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے مہاراشٹر پولیس ایکٹ 1951 کی دفعہ 56 (1) (الف) کے تحت یہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ جاری حکم کے مطابق خاتون کو دو دن کے اندر بیڑ ضلع کی حدود چھوڑنے کی ہدایت دی گئی ہے اور آئندہ چھ ماہ تک مجسٹریٹ کی پیشگی اجازت کے بغیر اسے ضلع میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔تڑی پار مدت کے دوران خاتون جہاں بھی قیام کرے گی، وہاں کے قریبی پولیس اسٹیشن میں ہر ہفتے حاضری دینا اس کے لیے لازمی ہوگا۔ اس کے علاوہ ضلع چھوڑنے کے 10 دن کے اندر متعلقہ پولیس کو اپنی رہائش کی تفصیلات فراہم کرنا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔حکم نامے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اگر اس عرصے میں انتخابات منعقد ہوئے تو صرف ووٹنگ کے دن مخصوص شرائط کے ساتھ اسے ضلع میں داخلے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے
