
بریلی، 17 مئی (ہ س) ۔بریلی میں انسداد منشیات ٹاسک فورس (اے این ٹی ایف) یونٹ اور دیورنیا پولیس کی مشترکہ کارروائی میں دو افراد کو 13 کلو گرام افیون کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔ یہ ایک بین ریاستی اسمگلنگ گینگ کے رکن ہیں۔ ان سے پکڑی گئی افیون کی مالیت تقریباً 70 لاکھ روپے بتائی جارہی ہے۔
اے این ٹی ایف کی ٹیم کو ایک مخبر سے اطلاع ملی کہ دو لوگ بریلی میں منشیات کی ایک بڑی کھیپ لے کر پہنچے ہیں۔ بریلی میں اے این ٹی ایف یونٹ کے انچارج سب انسپکٹر وکاس یادو، کانسٹیبل سوربھ چودھری، انکت یادو، کش کمار، روسیندر چودھری، ونیت کمار، اور خاتون کانسٹیبل چھایا کے ساتھ سب انسپکٹر پشپیندر شرما اور کانسٹیبل شیوم کمار نے گھیرابندی کرکے 16 مئی کی رات کو بریلی-بہیڑی شاہراہ پر تاج برک انڈسٹریز کی طرف جانے والی سڑک کے بالمقابل دیورنیاں تھانہ علاقہ کے گاو¿ں بیچ پوری سے گرفتار کیا۔
ان کے پاس سے تقریباً 13 کلو گرام افیون جس کی مالیت 70 لاکھ ہے، دو موبائل فون اور 555 روپے نقد کے ساتھ ضبط کی گئیں۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار مشتبہ افراد کی شناخت وشال کمار، ساکن بڑی سانکھی، تھانہ گدھور ، ضلع چترا، جھارکھنڈ اور اجے کمار، ساکنتیتریا،تھانہ پاتھل گڑا، ضلع چترا، جھارکھنڈ کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق، پوچھ گچھ کے دوران، ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے جھارکھنڈ کے کھونٹی اور ہزاری باغ علاقوں سے 1.20 لاکھ روپے فی کلو گرام کے حساب سے افیون خریدی تھی۔ اسے اتراکھنڈ کے ایک شخص کو سپلائی کیا جانا تھا۔ ملزم نے اس سے صرف واٹس ایپ کال کے ذریعے رابطہ کیا، ہر بات چیت کے بعد کال کی تفصیلات ڈیلیٹ کردی۔ ضبطی کی بنیاد پر دیورنیاں پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کی گئی ہے۔
بریلی میں اے این ٹی ایف یونٹ کے انچارج سب انسپکٹر وکاس یادو نے بتایا کہ منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مسلسل مہم جاری ہے۔ گرفتار ملزمان سے پوچھ گچھ کی بنیاد پر نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کے بارے میں معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ اس گینگ سے وابستہ دیگرا سمگلروں کے خلاف بھی جلد کارروائی کی جائے گی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی

