
حیدرآباد ،2 ستمبر(ہ س)۔
کانگریس کی الیکشن رابطہ کمیٹی نے چیف الیکٹورل آفیسرسدرشن ریڈی کویادداشت پیش کرکے تلنگانہ میں عہدیداروں کی جانب سے گھر گھر پہونچ کر73لاکھ سے زائد ووٹرس کی تفصیلات حاصل کرنے کا مطالبہ کیا جن کے نام اے ایس ڈی ڈی فہرست میں شامل کئے گئے۔ کمیٹی کے صدرنشین پی راجیش کماراوررکن واجد حسین نے سدرشن ریڈی کو یادداشت پیش کی اور کہاکہ غیر حاضر، منتقل، فوت اور ایک سے زائد مقامات پر نام والے افراد کی تفصیلات مسلمہ پارٹیوں کو فراہم کی جائیں۔ یادداشت میں کہا گیا کہ ایس آئی آر کے دوسرے مرحلہ میں عوام کو اعتراضات اور دعوؤں کی پیشکشی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ مسودہ فہرست کے اجرا کے بعد تلنگانہ میں 73 لاکھ سے زائد افراد کو اےایس ڈی ڈی فہرست میں شامل کیا گیا جو مجموعی ووٹرس کا 21.7 فیصد ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ 45.19 لاکھ افراد کو مستقل منتقل زمرہ میں شامل کیا گیا ہے۔ایس آئی آرمہم کی شفافیت کو برقراررکھنے بوتھ لیول آفیسرس کو چاہئے کہ وہ گھر گھرپہونچ کرتفصیلات حاصل کریں۔ کانگریس قائدین نے کہاکہ مسلمہ سیاسی پارٹیوں کو 73 لاکھ رائے دہندوں کے اڈریس اوردیگرتفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ تفصیلات کے بغیر بوتھ لیول ایجنٹس ووٹرس سے تعاون سے قاصر ہیں۔ وفد نے کہاکہ حیدرآباد،ملکاجگری و رنگاریڈی جیسے اضلاع میں روزگار،تعلیم کیلئے دیگرمقامات سے بڑی تعداد میں عوام منتقل ہوتے ہیں۔بوتھ لیول آفیسرس کے محض ایک بارآنے پرووٹرکومستقل منتقل قراردینا درست نہیں ہے۔ کانگریس نے ووٹرس کی سہولت اور 73 لاکھ سے زائد مشتبہ رائے دہندوں کے دستاویزات کی جانچ کیلئے گھر گھر پہونچ کر جائزہ لینے کا مطالبہ کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق

