
نئی دہلی، 21 مئی (ہ س)۔ فٹ انڈیا سنڈے آن سائیکل کا 75 واں خصوصی ایڈیشن 24 مئی کو ملک بھر میں منعقد کیا جائے گا، جس کا مقصد 2030 میں ہونے والے 100 ویں کامن ویلتھ گیمز کی تیاری اور کھیلوں کی ثقافت کو فروغ دینا ہے۔ اس مہم کے ایک حصے کے طور پر 8000 سے زیادہ مقامات پر سائیکل ریلیاں اور فٹنس پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
مرکزی تقریب کامن ویلتھ گیمز کے میزبان شہر گجرات کے احمد آباد کے سابرمتی ریور فرنٹ میں منعقد ہوگی۔ نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے مرکزی وزیر منسکھ منڈاویہ اس تقریب کی قیادت کریں گے۔ گجرات کے نائب وزیر اعلیٰ ہرش سنگھوی بھی موجود رہیں گے۔ ہزاروں کی تعداد میں سائیکل سوار، کھلاڑی، نوجوان رضاکار، اور فٹنس کے شوقین افراد اس ایونٹ میں شرکت کریں گے، جس کا موضوع ہے اے نیو آئیکن فار اے فٹر انڈیا۔پیڈلنگ ٹو2030 ۔
منسکھ منڈاویہ نے کہا کہ 2030 دولت مشترکہ کھیلوں کی میزبانی ہندوستان کے لیے فخر کی بات ہے اور یہ ملک میں کھیلوں کے کلچر کو مضبوط کرنے کے ایک ذریعہ کے طور پر کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو فٹنس اور کھیلوں سے جوڑنا ہے۔ اداکار آیوشمان کھرانہ کے ساتھ کئی بین الاقوامی اور کامن ویلتھ میڈل جیتنے والے کھلاڑی بھی اس ایونٹ میں شرکت کریں گے۔
ملک بھر کی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کامن ویلتھ گیمز کی تھیم پر مبنی سائیکل ریلیاں بھی منعقد کی جائیں گی۔ اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے علاقائی مراکز، نیشنل سینٹرز آف ایکسی لینس، اور کھیلو انڈیا مراکز میں خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ

