
حیدرآباد ، 19 مئی (ہ س)۔
گورنر تلنگانہ شیو پرتاپ شکلا نے گروپ I کے تحت ڈپٹی کلکٹرس کےعہدہ پر تقرر پانے والے 44 پرو بیشنری ڈپٹی کلکٹرس سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر ایم چنا ریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ میں ڈپٹی کلکٹرس کی ٹریننگ جاری ہے۔ نائب صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹرانسٹی ٹیوٹ ڈاکٹرشانتی کماری کی قیادت میں لوک بھون پہنچ کرگورنر سے ملاقات کی گئی۔گورنر نے نوجوان عہدیداروں کومبارکباد پیش کی اور کیریئرمیں بہتر مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ گورنر نے ہر ایک ڈپٹی کلکٹر سے بات چیت کی اور عوامی خدمات سے متعلق ان کے جذبات اور تجربات کی سماعت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ گروپ I کے منتخب عہدیدار مستقبل میں ریاستی نظم و نسق کی قیادت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان عہدیداروں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مکمل دیانتداری اور جذبہ کے ساتھ عوام کی خدمت کریں ۔گورنرنے کہا کہ عہدیداروں کو یہ احساس ہونا چاہئے کہ عوام کی خدمت ایک ذمہ داری ہے نہ کہ کوئی عہدہ یا پوزیشن ہے۔ گورنر نے کہا کہ سماج اورقوم کی خدمت کے جذبہ کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یقین ظاہرکیا کہ ٹریننگ کی تکمیل کے بعد ڈپٹی کلکٹرس کے طور پر ریاست کی ترقی اور گڈ گورننس کے نشانہ کی تکمیل میں اہم رول ادا کریں گے۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق

