ہفتے کے روز واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کورسپونڈنٹس ڈنر کے دوران مبینہ طور پر فائرنگ کرنے کے الزام میں کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے کول تھوماس ایلن کی گرفتاری کے بعد سوشل میڈیا صارفین اس کی ذاتی زندگی سے متعلق تصاویر شیئر کر رہے ہیں۔
کئی پوسٹ میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ایلن کی شادی "پریانکاراؤ" نامی ایک بھارتی خاتون سے ہوئی ہے اور اس کے ساتھ مبینہ طور پر جوڑے کی ایک تصویر اور ایک بھارتی پاسپورٹ کی تصویر بھی شیئر کی گئی ہے، جسے اس خاتون سے منسوب کیا جا رہا ہے۔
Fact Check/Verification
سب سے پہلے ہم نے وائرل تصویر کے ساتھ کئے گئے دعوے کی تصدیق کے لئے گوگل پر "کول تھوماس ایلن اور پریانکا راؤ" کے کیورڈز تلاش کئے، تاہم ایسی کوئی قابلِ اعتماد خبر نہیں ملی جو اس بات کی تصدیق کرے کہ ملزم کی شادی کسی بھارتی شہری سے ہوئی ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کی جانب سے اس مبینہ واقعے کی کوریج میں بھی ایسے کسی تعلق کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا ہے۔
وائرل تصویر کو ریورس امیج سرچ کرنے پر بھی اس کی کوئی مستند یا اصل سورس نہیں ملی، جس سے اس کی صداقت پر شکوک و شبہات پیدا ہوتے ہیں۔
مزید تصدیق کے لئے ہم نے "کول تھوماس ایلن اور "پریانکا راؤ" کی مبینہ تصویر کا بغور جائزہ لیا، جہاں ہمیں مصنوعی تخلیق کی کئی نشانیاں نظر آئیں، جن میں غیر معمولی حد تک ہموار جلد اور چہرے کی بناوٹ میں بے قاعدگیاں بھی دیکھنے کو ملیں، جو اس کے اے آئی سے تیار ہونے کی جانب اشارہ کرتی ہیں۔
ہم نے اس تصویر کو متعدد اے آئی ڈیٹیکشن ٹولز پر چیک کیا، جن کے نتائج درج ذیل ہیں۔
ہائیو موڈریشن نے تصویر کے اے آئی سے تیارکردہ ہونے کا 99.9 فیصد امکان ظاہر کیا۔ سائٹ انجِن نے بھی اسے ممکنہ طور پر 98 فیصد اے آئی سے تیار شدہ قرار دیا۔ انڈیٹیکٹ ایبل اے آئی نے بھی اس تصویر کو اے آئی سے تیار شدہ قرار دیا۔
Screengrabs from Hive Moderation, Sightengine and Undetectable AIمزید برآں، ہم نے پاسپورٹ کی تصویر کا بغور جائزہ لیا تو اس میں بھی واضح تضادات سامنے آئے۔ "پریانکا راؤ" سے منسوب مبینہ بھارتی پاسپورٹ میں کئی بے ضابطگیاں پائی گئیں، جن میں ہندی متن میں املا کی غلطیاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ قومیت غلط طور پر "کول تھوماس ایلن" درج کی گئی ہے، جبکہ والد/قانونی سرپرست کے خانے میں بھی یہی نام لکھا گیا ہے۔ شریکِ حیات کے خانے میں "پریانکا راؤ" ہی دوبارہ درج ہے، اور پاسپورٹ میں غیر معمولی طور پر دوسرے پیج (ایڈریس) کا کالم بھی موجود ہے۔ یہ تضادات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ دستاویز جعلی ہے۔

مزید ہم نے اس تصویر کی بھی ہائیو ماڈریشن اور انڈیٹیکٹ ایبل اے آئی، جیسے ٹولز کی مدد لی، دونوں ٹولز نے اس مبینہ پاسپورٹ کی تصویر کے اے آئی سے تیار کئے جانے کے قوی امکانات ظاہر کئے ہیں۔

گوگل جیمنی نے بھی اس تصویر میں سینتھ آئی ڈی واٹرمارک کی نشاندہی کی، جو اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ تصویر کا زیادہ تر حصہ یا اسے مکمل طور پر گوگل اے آئی کے ذریعے تیار یا ترمیم کیا گیا ہے۔
Conclusion
وائٹ ہاؤس کورسپونڈنٹس ڈنر فائرنگ کے ملزم "کول تھوماس ایلن" کی "پریانکا راؤ" نامی بھارتی خاتون سے شادی کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔ ثبوت کے طور پر شیئر کی جانے والی تصاویر، جن میں مبینہ جوڑے کی تصویر اور پاسپورٹ شامل ہیں، دراصل اے آئی سے تیار کردہ ہیں۔
Sources
Hive Moderation Website
Sightengine Website
Undetectable AI Website
Google Gemini Website
(اس آرٹیکل کو انگریزی سے اردو میں ترجمہ کیا گیا ہے۔ جسے وسودھا بیری نے لکھا ہے۔)

