ریاض میں منعقدہ جی-20 ورچول چوٹی کانفرنس سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان (ایم وی ایس) کی راست نگرانی میں منعقد کیا گیا جس کا مقصد عالمی اسٹیج پر سعودی عرب کی قائدانہ صلاحیتوں کو پیش کرنا تھا۔ توقع کے مطابق دو روزہ کانفرنس کے ایجنڈے میں کورونا وائرس کی وبا چھائی رہی۔ دنیا کی 20 بڑی معیشتوں نے کورونا ویکسین کی دنیا بھر میں کفایتی اور مساویانہ رسائی کو یقینی بنانے اور مستقبل میں صحت کے بحران سے نمٹنے کے لیے تیاری کا عہد کیا۔بین الاقوامی وبائی معاہدہ:چارلس مائیکل صدر نشین یوروپین کونسل نے مستقبل میں وباؤں کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ایک بین الاقوامی معاہدے کی تجویز پیش کی۔ مائیکل نے کہا کہ ''تمام ممالک، اقوام متحدہ کے تمام اداروں اور تنظیموں کے درمیان خاص طور سے عالمی صحت تنظیم کے ساتھ مذاکرات ہونے چاہئیں۔ ڈبلیو ایچ او کو صحت سے متعلق ہنگامی حالات میں عالمی تعاون کو یقینی بنانے کے لیے اہم رول ادا کرنا ہوگا۔ جی -20 قیادت نے عہد کیا کہ عالمی سطح پر صحت کے مسائل سے نمٹنے کے لیے 21 ارب ڈالر کی فنڈنگ کی جائے گی۔ جی-20 کے اعلامیہ کے مطابق رکن ممالک معیشت اور روزگار کے تحفظ کے لیے 11 کھرب ڈالر کی مدد کرچکے ہیں۔ بین الاقوامی قائدین نے کووڈ-19 ٹیکہ کی تیاری اور تقسیم کے نظام کو مضبوط اور مربوط بنانے کے لیے جامع عہد کا اظہار کرتے ہوئے کم آمدنی والے ممالک کے لیے سماجی تحفظ کی ضمانت کو وسعت دینے، قرض کی راحت کو توسیع دینے اور پیرس معاہدہ کے تحت انتہائی ممکنہ ارادوں کا عہد کیا۔ سعودی عرب کا بیان: سعودی عرب کے شاہ بن عبدالعزیز السعود نے اپنے اختتامی ریمارکس میں اس بات پر زور دیا کہ کووڈ-19کے اثرات کا سامنا کرنے اور دنیا کے عوام کے لیے ایک خوشحال مستقبل تعمیر کرنے کے لیے باہمی تعاون کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ ''ہم نے کئی اہم پالیسیوں کو اختیار کیا، جو معیشت کے لیے ہر طرح سے بحالی حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی جو کہ لچکدار، مستحکم، غیر مختتم اور متوازن رہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ پالیسیاں عالمی تجارت کو سب کے لیے کارگر بنانے اور مستحکم ترقی کے حصول کے لیے حالات کو سازگار بنانے میں رفتار برقرار رکھیں گی۔ اس کانفرنس کے ذریعہ سعودی عرب حکومت، ملک میں ہونے والی تبدیلیوں اور اصلاحات کے تعلق سے ایک مثبت تاثر دینا چاہتی تھی اور یہ بھی دکھانا چاہتی تھی کہ ملک میں مستقبل کے لیے کئی شاندار پراجیکٹس جیسے نیوم سٹی تیار کیے جا رہے ہیں لیکن وہ جاریہ وبا کی وجہ سے اس میں ناکام رہے۔ البتہ اس ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ نقائص سے پاک چوٹی کانفرنس منعقد کرنے کے ذریعہ وہ ملک کی ٹیکنالوجی میں مختلف پیمانے پر ہوئی پیش رفت کو بھی ظاہر کرنے میں کامیاب رہے۔ ہندوستان کا موقف: وزیر اعظم نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ اس چوٹی کانفرنس سے خطاب کیا اور دنیا بھر میں کووڈ سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے اصلاح پسند ہمہ گیریت کی اہمیت کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم مودی نے اپنے خطاب کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہماری توجہ وبا سے متاثر عام شہریوں اور معیشت کو بچانے پر مرکوز ہے اورساتھ ہی ہم بدلتے ماحولیاتی حالات کی سمت ہر ایک کی توجہ مبذول کروانا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے یکطرفہ طور پر نہیں بلکہ ایک مربوط جامع اور منجملہ طریقہ سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ خود مکتفی ہندوستان کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ انھوں نے خواتین کی خود اختیاری کے بارے میں بھی بتایا کہ کس طرح یہ ملکی ہمہ جہت ترقی کا ایک ستون بن سکتا ہے۔ امریکہ کا ردِ عمل: چوں کہ چوٹی کانفرنس کے موقع پر امریکہ میں صدارتی انتخابات چل رہے تھے۔ ایم ایس بی سعودی عرب کے قریبی ساتھی امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو کسی اہم رول میں شامل کرنے میں ناکام رہے۔ ٹرمپ زوم ایپ کے ذریعہ مختصر وقت کے لیے کانفرنس میں حاضر ہوئے اور وبا سے نمٹنے کے لیے اپنی انتظامیہ کی کوششوں پر روشنی ڈالنے کے بعد گولف کھیلنے کے لیے روانہ ہوگئے۔ منتخب صدر جوبائیڈن نے سعودی عرب کو 2019ء میں ایک اچھوت ریاست قرار دیا تھا اور اکتوبر میں کہا تھا کہ ان کی انتظامیہ مملکت کے ساتھ اپنے تعلقات کا از سر نو جائزہ لے گا۔ یمن میں سعودی عرب کی جنگ کے لیے اپنی تائید ختم کرے گا اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ امریکہ اپنے اقدار کو ، ہتھیار فروخت کرنے یا تیل خریدنے کی بنیاد پر فروغ نہیں دے گا۔ تاہم سعودیوں کو امید ہے کہ یہ صرف انتخابات کی باتیں تھیں۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ پرنس فیصل بن فرحان السعود نے رائٹر سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ بائیڈن انتظامیہ علاقائی استحکام کے مفاد میں اختیار کی گئی پالیسیوں کو برقرار رکھے گا۔ امید کی جاسکتی ہے کہ وزیر خارجہ کا اندازہ درست ثابت ہوگا، لیکن اس بات کا بھی امکان کم ہے کہ جن اصلاحات اور تبدیلیوں کو سعودی عرب اختیار کر رہا ہے اسے بائیڈن کی قیادت میں وہائٹ ہاؤس مثبت طور پر نہ لے۔ مستقبل کے لیے مشترکہ اقدامات: وبا سے مشترکہ طور پر نمٹنے کے سوال پر جی-20 نے درست اشارہ دیا ہے کہ کووڈ-19سے متعلق صحت، معیشت اور سماجی حالات جو اس وقت ترقی پذیر ممالک کو درپیش ہیں آئندہ مستقبل میں مالیاتی و انسانی قیمت پر غیر معمولی چیلنج بن سکتے ہیں۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے کہا کہ اس سال جی-20 کانفرنس میں جو فیصلے لیے گئے ہیں وہ کووڈ-19 وبا کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی کوششوں اور اس بلاک سے دنیا کی توقعات کو پورا کرنے میں فیصلہ کن موقف کو ثابت کریں گے۔ معاشی ترقی میں استحکام: اپنی تقریر میں روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) میں جدید چیلنجز کے مطابق اصلاحات کے لیے مشترکہ کوششوں کا مشورہ دیا۔ اپنے ریمارکس میں جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے بھی اس بات پر زور دیا کہ وبا نے حکومتوں کو معیشت کے تعلق سے مزید محتاط بنا دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وبا سے ہمیں سبق سیکھنے کی ضرورت ہے تاکہ معیشت کو مزید مستحکم بنایا جاسکے۔ معیشت کی بحالی ڈبلیو ٹی او میں اصلاحات، ڈیجیٹل معیشت کو ٹیکس کے ت…