FacebookTwitter
تاثیر 24 مئی۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کشن گنج، 24 مئی: کشن گنج پولیس نے مہاراشٹر کے پونے سے ایک نابالغ لڑکی کو بحفاظت بازیاب کر لیا ہے جسے شہر کے چیتن ٹولہ وارڈ نمبر 19 سے اغوا کیا گیا تھا۔ پولیس نے اس معاملے میں ایک ملزم کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ ہفتہ کے روز پولیس کی ایک ٹیم نابالغ اور ملزم کے ساتھ کشن گنج پہنچی۔
گرفتار ملزم کی شناخت راکیش چتوریا کے طور پر کی گئی ہے، جو جام نگر روڈ، بھوساول، جلگاوں ضلع، مہاراشٹر کا رہنے والا ہے۔ پولیس کے مطابق متاثر ہ کا تعلق بنجارہ برادری سے ہے۔ معلومات کے مطابق یہ واقعہ 7 مئی کو پیش آیا۔ متاثرہ کی تحریری شکایت پر مقدمہ نمبر 489/26 ٹاون تھانہ میں درج کیا گیا۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ یہ خاندان 6 مئی کو گوہاٹی سے کشن گنج پہنچا تھا اور رات بھر شہر کی ایک خالی جگہ پر ڈیرے ڈالے ہوئے تھا۔ الزام ہے کہ 7 مئی کی صبح تقریباً 2 بجے سات سے آھ بدمعاشوں نے سوئے ہوئے خاندان پر حملہ کیا۔ بدمعاش خاندان کی دو نابالغ لڑکیوں کو زبردستی سفید بولیرو گاڑی میں بٹھا کر اپنے ساتھ لے گئے۔ واردات کے دوران ملزمین نے اہل خانہ کے بیگ سے تقریباً دو لاکھ روپے نقدی، سونے چاندی کے زیورات اور دیگر سامان بھی لوٹ لیا۔ واقعہ سے علاقے میں کہرام مچ گیا۔

