FacebookTwitter
تاثیر 08 ستمبر۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 8 ستمبر: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ 8 سے 10 ستمبر تک سری لنکا کے سرکاری دورے پر منگل کو کولمبو پہنچ گئے۔ بندرانائیکے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سری لنکا کے نائب وزیر دفاع میجر جنرل ارونا جے شیکھر (ریٹائرڈ) اور سری لنکا میں ہندوستانی ہائی کمشنر سنتوش جھا نے ان کا استقبال کیا۔ سری لنکا کی جانب سے وزیر دفاع کا پرتپاک اور روایتی انداز میں استقبال کیا گیا، جو ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان قریبی اور دیرینہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔راج ناتھ سنگھ آج صبح تین روزہ دورے پر نئی دہلی سے سری لنکا کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ ایک اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کرتے ہوئے وزیر دفاع سری لنکا کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ مختلف امور پر بات چیت کریں گے، تاکہ باہمی مفاد کے شعبوں میں دونوں ملکوں کے روایتی طور پر مضبوط اور دوستانہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ اس میں مضبوط بحری اور دفاعی شراکت داری بھی شامل ہے۔وزیر دفاع کے اس دورے کا مقصد ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان دوطرفہ دفاعی اور بحری سلامتی کے تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
راج ناتھ سنگھ سری لنکا کے صدر اور وزیر دفاع انورا کمارا ڈسانائیکے، وزیر اعظم ڈاکٹر ہرینی امراسوریا اور دفاعی سکریٹری سمپتھ تھویاکونتھا سے ملاقات کریں گے۔ وہ کولمبو میں مقیم ہندوستانی تارکینِ وطن یعنی ہندوستانی برادری کے لوگوں سے بھی بات چیت کریں گے۔ ان کے ساتھ وزارت دفاع اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ عہدیدار بھی اس اعلیٰ سطحی دورے میں شامل ہیں۔دورے کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کے 5 اپریل 2025 کو کولمبو دورے کے دوران دستخط کیے گئے ہندوستان-سری لنکا دفاعی تعاون کے معاہدے کی یادداشت (ایم او یو) پر مکمل اور مقررہ وقت کے اندر عمل درآمد کا جائزہ لیے جانے کی بھی توقع ہے۔

