FacebookTwitter
تاثیر7 نومبر۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 7 نومبر : ریلوے وزیر اشونی ویشنو نے ہفتہ کے روز کہا کہ دیوالی اور چھٹھ سمیت تہواروں کے موسم میں مسافروں کی بڑھتی ہوئی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے ریلوے نے تقریباً 18 ہزار اضافی خصوصی ٹرینیں چلائی ہیں۔ اس کے علاوہ ملک کے مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر تقریباً 700 مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، جن کی مدد سے بھیڑ پر نظر رکھی جارہی ہے۔ مسافروں کی سہولت کے لیے تقریباً 20 اہم اسٹیشنوں پر ہولڈنگ ایریا بھی بنائے گئے ہیں۔
ریلوے وزیر نے ریل بھون میں ریلوے کے وار روم کی تیاریوں اور آپریشنل انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درگا پوجا، دیوالی اور چھٹھ کے دوران ریلوے پر ٹریفک کا دباؤ کافی بڑھ جاتا ہے۔ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے ریلوے نے گزشتہ چھ ماہ سے تیاریاں شروع کردی تھیں۔
گزشتہ سال تہواروں کے موسم میں تقریباً 12 ہزار خصوصی ٹرینیں چلائی گئی تھیں، جبکہ اس سال ان کی تعداد بڑھا کر تقریباً 18 ہزار کردی گئی ہے۔ ان میں کئی خصوصی ٹرینوں کو مستقل سروس میں بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔

