صفحۂ اول
بالی ووڈ کا ایک حصہ یوپی لے جانے کی کوشش کررہی ہے بی جے پی

Taasir Urdu News Network | Mumbai (Maharashtra) on 02-December-2020
ممبئی: اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی ممبئی میں فلمی شخصیات سے ملاقات سے قبل کانگریس کے سینئر رہنما اور مہاراشٹر کے وزیر تعمیرات عامہ اشوک چوان نے یہ الزام لگایا کہ بی جے پی بالی ووڈ کا ایک حصہ شمالی ریاست میں لے جانے کی سازش کررہی ہے۔ چوہان نے ٹویٹ کیاکہ جب بی جے پی مہاراشٹر میں اقتدار میں تھی تو بہت ساری صنعتیں اور دفاتر گجرات منتقل کردیئے گئے تھے۔ مہاراشٹر میں حکومت بدلی، لیکن بی جے پی اب اترپردیش حکومت کے نام پر بالی ووڈ کا ایک حصہ لینے کے لئے اسکرپٹ تیار کررہی ہے۔انہوں نے لکھاکہ بی جے پی کے دور میں جو بھی ہوا، ہم اسے دوبارہ نہیں ہونے دیں گے۔سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ آج ممبئی پہنچے اور وہ 2 دسمبر کو صنعتکاروں اور فلمی شخصیات سے ملنے والے ہیں۔ چوہان نے ٹویٹر پر لکھاکہ پہلے مہاراشٹر کی اہمیت جان بوجھ کر کم کی گئی تھی لیکن حکومت خاموش رہی۔ بی جے پی قائدین نے اپنے سینئر رہنماؤں کو خوش کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ فنڈ کے لئے فنڈ اکٹھا کرنے کے بجائے پی ایم کیئرس فنڈ میں فنڈ جمع کرنے میں سبقت حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر ریاست کا حق ہے کہ وہ خود ترقی کرے اور دوسری ریاستوں کی مدد کرے، لیکن کسی بھی ریاست کو یہ حق نہیں ہے کہ وہ دوسرے کا حصہ چھین لے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی قائدین کو اپنی پارٹی کے اس اقدام کی حمایت نہیں کرنی چاہئے اور انہیں اس کام میں حصہ نہیں لینا چاہئے۔ آدتیہ ناتھ نے ستمبر میں نوئیڈا میں فلمی سٹی قائم کرنے کا اپنا مہتواکانکشی منصوبہ پیش کیا تھا اور فلمی برادری سے فلم کی تیاری کے لئے اتر پردیش آنے کی پیش کش کی گئی تھی۔