کراچی ، 28اکتوبر ۔جنوبی افریقہ کے سابق لیجنڈکھلاڑی گیری کرسٹن پاکستان کے نئے ہیڈ کوچ بن سکتے ہیں۔ کرسٹن اس سے قبل اپنی کوچنگ میں ٹیم انڈیا کو عالمی چیمپئن بنا چکے ہیں۔ گیری کرسٹن کے علاوہ آسٹریلیا کے سابق اوپنر سائمن کیٹچ اور پیٹر مورس بھی پاکستان کا کوچ بننے کی دوڑ میں شامل ہیں۔ٹی ۔20 ورلڈ کپ کے آغاز سے عین قبل پاکستان کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اورگیندبازی کوچ وقار یونس نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیاتھا۔ دونوں کے مستعفی ہونے کے بعد سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق کو پاکستان قومی ٹیم کا عبوری کوچ اور سابق آل راونڈر عبدالرزاق کو گیندبازی کوچ بنا یا گیا ہے۔ تاہم ان کی مدت کار ٹی۔20 ورلڈ کپ کے بعد ہی ختم ہوجائے گی۔گیری کرسٹن 2008 سے 2011 تک ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے۔ ان کی کوچنگ میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے 2011 کا ون ڈے ورلڈ کپ جیتا تھا۔ کرسٹن کی کوچنگ میں ہی ٹیم انڈیا پہلی بار ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر پہنچی تھی۔ سائمن کیٹچ کے بارے میں بات کریں تو وہ آئی پی ایل میں کولکاتا نائٹ رائیڈرس (کے کے آر) کے اسسٹنٹ کوچ اور رائل چیلنجرس بنگلور کے ہیڈ کوچ کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ پیٹر مورس دو بار انگلینڈ کے ہیڈ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔ ساتھ ہی مورس ان چند کوچز میں سے ایک ہیں جنہوں نے دو مختلف ٹیموں کے ساتھ کاؤنٹی چیمپئن شپ جیتی ہے۔