اے جی آر کے بقایا جات میں بڑی راحت ملنے کے بعد ووڈافون آئیڈیا نے مارچ سہ ماہی میں۵۱۹۷۰؍ کروڑ روپے کا خالص منافع درج کیا جبکہ پچھلے سال کمپنی نقصان میں تھی۔
ووڈافون آئیڈیا (وی آئی ) نے تقریباً چھ سال بعد پہلی بار منافع درج کیا ہے۔ کمپنی کو مالی سال ۲۶۔۲۰۲۵ء کی مارچ سہ ماہی میں ۵۱۹۷۰؍ کروڑ روپے کا خالص منافع ہوا، جبکہ پچھلے سال اسی سہ ماہی میں اسے ۷۱۶۷؍ کروڑ روپے کا نقصان ہوا تھا۔ کمپنی کو یہ بڑا منافع بنیادی طور پراے جی آر ( Adjusted Gross Revenue) کے بقایا جات میں ریلیف کی وجہ سے حاصل ہوا۔ محکمہ ٹیلی کمیونیکیشن (ڈی او ٹی ) نے کمپنی کی پرانی واجب الادا رقم کا دوبارہ جائزہ لیا، جس کے بعد اس کا بقایا کافی کم ہو گیا۔ کمپنی نے یہ معلومات اسٹاک ایکسچینج فائلنگ میں دی ہیں۔ اس دوران آدتیہ برلا گروپ ووڈافون آئیڈیا میں۴۷۳۰؍ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرے گا۔ محکمہ ٹیلی کمیونیکیشن نے ۲۷؍ جنوری کو تصدیق کی تھی کہ۳۱؍ دسمبر ۲۰۲۵ء تک کمپنی پراے جی آر بقایا۸۷۶۹۵؍ کروڑ روپے تھا۔ بعد ازاں۳۰؍ اپریل کو محکمہ ٹیلی کمیونیکیشن نے کمپنی کو بتایا کہ نظرثانی کے لیے بنائی گئی کمیٹی نے مالی سال ۰۷۔۲۰۰۶ء سے ۱۹۔۲۰۱۸ء کے عرصے کے لیے ۳۱؍ دسمبر ۲۰۲۵ء تک اے جی آار بقایا کو ترمیم کر کے۶۴۰۴۶؍ کروڑ روپے مقرر کیا ہے۔ کمپنی نے اپنی پرانی اے جی آر واجبات کا دوبارہ حساب کیا، جس کے بعد اس کا مجموعی بقایا کافی کم ہو گیا۔ پہلے کمپنی پر۸۰۵۰۲؍ کروڑ روپے کی ذمہ داری تھی، لیکن نظرثانی کے بعد اسے کم کر کے۲۴۸۸۰؍ کروڑ روپے کر دیا گیا۔ اس سے کمپنی کو تقریباً ۵۵۶۲۲؍ کروڑ روپے کا بڑا مالی فائدہ ہوا، جسے اس نے اپنے منافع میں شامل کیا۔
اسٹاک ایکسچینج فائلنگ کے مطابق کمپنی نے بتایا کہ مارچ سہ ماہی میں اس کی آپریشنل آمدنی میں بھی معمولی اضافہ ہوا۔ یہ تقریباً ۳؍ فیصد بڑھ کر۱۱۳۳۲؍ کروڑ روپے ہو گئی، جبکہ پچھلے سال اسی سہ ماہی میں یہ ۱۱۲۲۹؍ کروڑ روپے تھی۔ صرف سہ ماہی ہی نہیں بلکہ اے جی آر واجبات میں کمی کے باعث ووڈافون آئیڈیا پورے مالی سال میں بھی منافع میں آ گئی۔ کمپنی نے مالی سال۲۶۔۲۰۲۵ء میں۳۴۵۵۲؍ کروڑ روپے کا سالانہ منافع درج کیا۔ اس سے پچھلے سال اسی مدت میں کمپنی کو ۲۷۳۸۴؍ کروڑ روپے کا نقصان ہوا تھا۔
کمپنی کے مطابق غیر معمولی مالی فائدے کی وجہ سے ووڈافون آئیڈیا نے ۲۰۱۸ء میں انضمام کے بعد پہلی بار منافع دکھایا، لیکن بنیادی کاروبار کے لحاظ سے کمپنی اب بھی نقصان میں ہے۔ مارچ سہ ماہی میں کمپنی کا نقصان کم ہو کر ۵۵۱۵؍ کروڑ روپے رہ گیا، جو پچھلے سال ۷۱۶۷؍ کروڑ روپے تھا۔ پچھلی سہ ماہی میں یہ نقصان ۷۲۸۶؍ کروڑ روپے تھا۔ کمپنی کا بینک قرض بھی کم ہو کر ایک تہائی رہ گیا ہے۔ مالی سال ۲۰۲۶ء کی چوتھی سہ ماہی میں یہ ۷۲۶؍ کروڑ روپے رہا۔

