Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
غیر موجودگی کا مطلب خاموشی نہیں، میں بہت جلد بنگلہ دیش لوٹوں گی: شیخ حسینہ

غیر موجودگی کا مطلب خاموشی نہیں، میں بہت جلد بنگلہ دیش لوٹوں گی: شیخ حسینہ

The Inquilab 5 days ago

بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ نے ایک بیان میں کہا کہ بنگلہ دیش میں ان کی غیر موجودگی کا یہ مطلب نہیں کہ وہ خاموش ہوگئی ہیں،بلکہ ملک میں جمہوری اقدار کی بازیابی اور سیاسی حقوق کی بحالی کے بعد وہ بنگلہ دیش لوٹیں گی۔

بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ، جو۲۰۲۴ء میں طلبہ کے احتجاج کے بعد اپنی حکومت کے خاتمے پر ہندوستان میں خود ساختہ جلاوطنی کی زندگی گزار رہی ہیں، نے یقین دلایا کہ وہ بہت جلد بنگلہ دیش واپس جائیں گی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ یہ واپسی اس وقت ممکن ہو گی جب سیاسی حقوق کی بحالی کے ساتھ جمہوری ماحول قائم ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ'' معاملہ کسی مخصوص تاریخ یا وقت پر منحصر نہیں ہے۔ ہم بنگلہ دیش میں جمہوری ماحول، اظہارِ رائے کی آزادی، سیاسی حقوق اور قانون کی حکمرانی کی بحالی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ یہ نہ صرف میری واپسی کے لیے ضروری ہے بلکہ ملک کی آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے بھی۔''

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ''میری غیر موجودگی کا مطلب میری خاموشی نہیں ہے۔ ہر لمحہ میں ملک کے لیے لڑ رہی ہوں۔''شیخ حسینہ نے کہا کہ وہ۱۹؍ قاتلانہ حملوں میں بچ چکی ہیں اور کچھ بھی انہیں روک نہیں سکا۔تاہم عوامی لیگ پر پابندی اور مقدمات کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ عوامی لیگ عوام کی جماعت ہے، اور کوئی تحریری پابندی اسے دبا نہیں سکتی۔انہوں نے بین الاقوامی تعلقات کے بارے میں کہا کہ بنگلہ دیش کی خارجہ پالیسی کا بنیادی اصول ''سب سے دوستی، کسی سے دشمنی نہیں ہے۔''

مزید برآں انہوں نے ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو تاریخی قرار دیا۔اس کے علاوہ سابق وزیر اعظم نے خبردار کیا کہ۲۰۰۱ء تا ۲۰۰۶ء کے تاریک دن واپس آنے کے امکانات ہیں، اور عسکریت پسندی کا سیاہ سایہ اب فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں تک پھیل چکا ہے۔

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: The Inquilab