Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
بھیونڈی:مردم شماری کی مدت میں توسیع کا مطالبہ

بھیونڈی:مردم شماری کی مدت میں توسیع کا مطالبہ

The Inquilab 5 days ago

گرمی کی لہر اور تعطیلات کے باعث مردم شماری کا عمل متاثر ہونے کا خدشہ

ریاست بھر میں جاری مردم شماری مہم شدید گرمی اور بڑی تعداد میں گھروں کے بند ہونے کے باعث متاثر ہونے لگی ہے۔اس کے سبب شمار کنندگان اور سپروائزرس کو گھر گھر جا کر معلومات جمع کرنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہی مسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے شکشن کرانتی سنگٹھن کے ریاستی صدر سدھیر گھاگس نے چیف پرنسپل مردم شماری افسر ڈاکٹر نروپما ڈانگے اور محکمہ اسکولی تعلیم و کھیل کے پرنسپل سیکریٹری رنجیت سنگھ دیول کو مکتوب ارسال کرتے ہوئے مردم شماری کے طے شدہ مراحل میں تبدیلی اور کام کی مدت میں توسیع کا مطالبہ کیا ہے۔

سدھیر گھاگس نے اپنے مکتوب میں نشاندہی کی ہے کہ ریاست میں ان دنوں شدید گرمی کی لہر جاری ہے جس کے باعث میدان میں کام کرنے والے شمار کنندگان اور سپروائزرس کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دوسری جانب اسکولوں اور کالجوں میں موسم گرما کی تعطیلات ہونے کے سبب کئی خاندان اپنے آبائی علاقوں کا رخ کرچکے ہیں یا سیاحت کیلئے باہر گئے ہوئے ہیں، جس کے باعث متعدد مکانات بند مل رہے ہیں۔ ایسی صورتحال میں گھر گھر پہنچ کر درست معلومات حاصل کرنا اور مقررہ مدت میں مردم شماری کا عمل مکمل کرنا انتہائی دشوار ثابت ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے عمل میں تقریباً ۸۰؍فیصد اساتذہ کو شامل کیا گیا ہے جبکہ مسلسل بڑھتی ہوئی گرمی کے باعث کئی اساتذہ، شمار کنندگان اور سپروائزرس کی صحت بھی متاثر ہو رہی ہے جس سے کام کی رفتار سست پڑ گئی ہے۔ ان حالات کے پیش نظر تنظیم نے مطالبہ کیا ہے کہ خانہ شماری مکمل کرنے کی آخری تاریخ بڑھا کر نومبر ۲۰۲۶ء تک کی جائے تاکہ عملہ بہتر انداز میں اپنا کام مکمل کرسکے۔

تنظیم نے حکومت سے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ گرمیوں کی تعطیلات کے دوران مردم شماری کی ڈیوٹی انجام دینے والے اساتذہ اور ملازمین کو خصوصی یا متبادل رخصت دی جائے۔ اس کے علاوہ مردم شماری کی مدت کے دوران نئے نصاب یا دیگر تعلیمی تربیتی پروگرام منعقد نہ کئے جائیں تاکہ اساتذہ پر اضافی بوجھ نہ پڑے اور مردم شماری کا عمل مؤثر طریقے سے مکمل ہوسکے۔مکتوب کے ذریعے حکومت سے اپیل کی گئی ہے کہ موجودہ صورتحال اور زمینی دشواریوں کو سنجیدگی سے مدنظر رکھتے ہوئے مناسب فیصلہ کیا جائے تاکہ مردم شماری کا کام بغیر کسی رکاوٹ کے درست اور مؤثر انداز میں مکمل ہو سکے۔

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: The Inquilab