Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
الہاس نگر: کاسٹ سرٹیفکیٹ منسوخ ہونے پر کارپوریٹر کی رکنیت ختم

الہاس نگر: کاسٹ سرٹیفکیٹ منسوخ ہونے پر کارپوریٹر کی رکنیت ختم

The Inquilab 18 hrs ago

الہاس نگر میونسپل کارپوریشن کے حالیہ انتخابات کے بعد شہر کی سیاست میں اس وقت ہلچل مچ گئی جب شیو سینا (شندے) کے نو منتخب کارپوریٹر وکی سنگھ لبانا کا کاسٹ سرٹیفکیٹ جانچ کے دوران فرضی قرار دے دیا گیا۔

الہاس نگر میونسپل کارپوریشن کے حالیہ انتخابات کے بعد شہر کی سیاست میں اس وقت ہلچل مچ گئی جب شیو سینا( شندے) کے نو منتخب کارپوریٹر وکی سنگھ لبانا کا کاسٹ سرٹیفکیٹ جانچ کے دوران فرضی قرار دے دیا گیا۔ متعلقہ جانچ کمیٹی کی رپورٹ کے بعد حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان کی رکنیت منسوخ کر دی جس کے بعد سیاسی حلقوں میں زبردست کھلبلی مچ گئی ہے۔ اس معاملے نے نہ صرف انتخابی نظام کی شفافیت پر سوالیہ نشان کھڑا کیا ہے بلکہ امیدواروں کی دستاویزات کی جانچ کے عمل کو بھی تنقید کی زد میں لا کھڑا کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق رواں سال ۱۵؍ جنوری کو الہاس نگر میونسپل کارپوریشن کےانتخابات منعقد ہوئے تھے۔اس الیکشن میں پینل نمبر ۶ (اے) کو پسماندہ طبقے کیلئے ریزرو رکھا گیا تھا۔ اس محفوظ نشست سے شیو سینا( شندے) کے ٹکٹ پر وکی سنگھ لبانا نے قسمت آزمائی اور کامیاب رہے۔ واضح رہے کہ وکی سنگھ کو شہر کے معروف پپوکلانی گروپ کا کٹر حامی مانا جاتا ہے اور کلانی گروپ نے شیو سینا میں ضم ہو کر یہ الیکشن لڑا تھا۔ قواعد کے مطابق محفوظ نشست سے الیکشن جیتنے کے بعد وکی سنگھ لبانا کیلئے اپنا کاسٹ سرٹیفکیٹ تصدیق کے لئے پیش کرنا لازمی تھا۔

انہوں نے اپنا سرٹیفکیٹ ضلعی ذات پات تصدیق کمیٹی ناسک کے پاس جمع کرایا تھا۔ تاہم تفصیلی جانچ کے بعد اس کمیٹی نے ۱۳ ؍مئی کو اپنا حتمی فیصلہ سناتے ہوئے وکی سنگھ کے سرٹیفکیٹ کو خارج کر دیا۔ کمیٹی کے مطابق اسسٹنٹ کلکٹر ناسک کی جانب سے جاری کردہ وکی سنگھ کا بنجارا برادری کا کاسٹ سرٹیفکیٹ غیر قانونی اور جعلی پایا گیا۔ کمیٹی نے اس سرٹیفکیٹ کو فوری طور پر منسوخ کر دیا۔

واضح رہےکہ ریاستی الیکشن کمشنر کی ہدایات کے مطابق اگر کسی بھی منتخب نمائندے کا کاسٹ سرٹیفکیٹ فرضی یا غیر قانونی پایا جاتا ہے تو متعلقہ میونسپل کمشنر پر یہ لازم ہے کہ وہ کسی تاخیر کے بغیراس کی نااہلی کے احکامات جاری کرے۔

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: The Inquilab