Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
۳۰؍ جون سے ایس آئی آر کیلئے بی ایل او گھر گھر جائیں گے

۳۰؍ جون سے ایس آئی آر کیلئے بی ایل او گھر گھر جائیں گے

The Inquilab 16 hrs ago

کہا کہ جن کا میپنگ ہو چکا ہے انہیں دستاویز دینے کی ضرورت نہیں، یہ بھی دعویٰ کیا کہ اب تک ۷۲؍ فیصد میپنگ ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق ۷؍ اکتوبر ۲۰۲۶ء کو حتمی ووٹر لسٹ جاری کی جائے گی۔

مہاراشٹر کے چیف الیکٹورل آفیسر پی چوکلنگم نے کہا ہے کہ مہاراشٹر میں ووٹر لسٹ کی باریکی سے جانچ اور درستی کیلئے' اسپیشل انٹینسیوریویژن(ایس آئی آر)' کا سروے ۳۰؍ جون سے شرو ع ہوگا جس کے تحت بوتھ لیول افسر ( بی ایل او) شہریوں کے گھر جاکر ان سے گزشتہ ایس آئی آر اور موجودہ ووٹر لسٹ کی تفصیل حاصل کریں گے ۔ یہ سلسلہ ۲۹؍ جولائی ۲۰۲۶ء تک جاری رہے گا۔ افسر نے یہ بھی وضاحت کی ہے کہ جن ووٹروں کادرست میپنگ ہو چکا ہے کہ انہیں ایس آئی آر سروے میں کوئی دستاویز دینے کی ضرورت نہیں ہوگی لیکن موجودہ ووٹر لسٹ میں کوئی تبدیلی ہوگی تو اس کا انہیں ثبوت پیش کرنا ہوگا۔

افسر نے مزید بتایاکہ ''مذکورہ ایس آئی آر کا سروے مکمل ہونے کےبعد ۵؍ اگست ۲۰۲۶ء کو ڈرافٹ ووٹر لسٹ جاری کی جائے گی اور ۵؍ اگست تا ۴؍ ستمبر ۲۰۲۶ءڈرافٹ ووٹر لسٹ پر اعتراضات اور دعوے پیش کئے جاسکیں گے ۔۳؍ اکتوبر کو اعتراضات اور دعوے پر فیصلہ کرنے کا سلسلہ مکمل کر لیا جائے گا۔ ۷؍ اکتوبر ۲۰۲۶ء کو حتمی ووٹر لسٹ جاری کی جائے گی۔

افسر نے یہ معلومات جمعہ کو منترالیہ میں واقع پریس روم میں منعقدہ پریس کانفر نس میں دی۔ اس موقع پر جوائنٹ چیف الیکٹورل آفیسرمنوہر پرکار بھی موجود تھے۔

ایس آئی آر کیوں ضروری ہے

چیف الیکٹورل آفیسر نے بتایا کہ ''ووٹر لسٹ کو اپ ڈیٹ اور درست کرنے کیلئے ایس آئی آر ضروری ہے ۔ اس سروے کے دوران ایک سے زیادہ مرتبہ شامل کئے گئے ووٹروں کےنام نکالنے، جو ووٹر انتقال کر گئے ہیں ان کا نام لسٹ سے نکالنے اور اسی طرح کوئی ووٹر ایک ووٹر لسٹ /اسمبلی حلقہ یا ضلع سے دوسری جگہ منتقل ہو گیا تو اس کا نام پرانی جگہ سے منسوخ کرنے کا کام کیاجاتا ہے۔ ''

کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی

جب افسر سے یہ پوچھا گیاکہ کچھ طبقوں میں ایسا ڈر پایاجارہا ہےکہ مغربی بنگال کی طرح مہاراشٹر میں ان کے نام ووٹر لسٹ سے نکال دیئے جائیں گے ، اس پر آپ کیا کہنا چاہتے ہیں؟ چیف الیکٹورل آفیسر نے کہا کہ ''قانون کے مطابق ہی کام کیاجارہا ہے۔ اگر ووٹروں کے پاس اس کی شہریت کاثبوت ہوگا تو اس کا نام نہیں ووٹر لسٹ سے نکالا نہیں جائے گا اور کسی کے ساتھ نا انصافی نہیں ہوگی۔''

۷۲؍ فیصد میپنگ مکمل

ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر کے مطابق ریاست میں کل ووٹروں کی تعداد ۹؍ کروڑ ۸۶؍ لاکھ ۴۴؍ ہزار ۴۱۳؍ووٹر ہیں، ان کے ایس آئی آر کیلئے ایک لاکھ ۲۵۳؍ بی ایل او کو تعینات کیا گیا ہے جو گھر گھر جاکر ان ووٹوں کی میپنگ اور تصدیق کریں گے ۔

اس دوران افسر نے دعویٰ کیا ہے کہ اب تک ۷۲؍فیصد میپنگ ہو چکی ہے۔ افسر نے شہریوں سے درخواست کی ہےکہ اگر ممکن ہو تو اپنی گزشتہ ایس آئی آر کی تفصیل تیار رکھیں اور جب ایس آئی آر کیلئے بی ایل او ان کے گھر آئیں تو گزشتہ ایس آئی آر کے وقت کی ووٹر لسٹ کی تفصیل اور موجود ہ ووٹر لسٹ میں ان کا نام کہاں ہے؟ اس کی تفصیل انہیں دیں۔اسی کی بنیاد پر نئی لسٹ تیار ہوگی۔

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: The Inquilab