Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
سعودی عرب: خطے میں جنگی اثرات کے باوجود ۲۰۲۵ء سے زیادہ عازمین حج کی آمد

سعودی عرب: خطے میں جنگی اثرات کے باوجود ۲۰۲۵ء سے زیادہ عازمین حج کی آمد

The Inquilab 8 hrs ago

فریضہ حج کی ادائیگی کیلئےدیگر ممالک سے پہنچنے والے عازمین حج کی تعداد ۱۵؍ لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔ سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کی تعداد اس کے علاوہ ہے۔

فریضہ حج کی ادائیگی کیلئےدیگر ممالک سے پہنچنے والے عازمین حج کی تعداد ۱۵؍ لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔ سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کی تعداد اس کے علاوہ ہے۔ سعودی حکام کے مطابق حج کی ادائیگی کیلئے امسال آنے والے عازمین کی یہ تعداد اس کے باجود پچھلے سال کے مقابلے میں زیادہ ہے کہ خطے میں جنگ کے اثرات موجود ہیں۔ خطے میں یہ کشیدگی ایران کے خلاف امریکہ و اسرائیل کی جانب سے شروع کی گئی جنگ کے نتیجے میں سامنے آئی ہے۔ امریکی حملے کے بعد ایران نے سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک کو بطور خاص اپنے میزائل حملوں کو نشانہ بنایا تھا۔ جس سے خطے میں ماحول اور حج کے سفری اخراجات کے ساتھ ساتھ فضائی و بحری سفر میں بھی مسائل پیش آگئے تھے۔

خلیجی ملکوں سے تعلق رکھنے والی بڑی فضائی کمپنیاں جن کا امارات، قطر، بحرین سے تعلق تھا جنگی صورت حال میں اپنی پروازوں کے متاثر ہونے کے مسئلے سے دو چار ہوئیں مگر سب نے کئی ہفتوں کے اس تعطل کے بعد اپنی سرگرمیوں کو تیزی سے بحال کرنا شروع کر دیا۔ نیز فضائی راستے بھی کھلنا شروع ہو گئے۔ پیچیدگیوں کے باوجود عازمین حج نے بھی اپنے سفر حج کے ارادے میں کوئی کمزوری نہ آنے دی اور سعودی عرب پہنچنے کیلئے پورے جوش و جذبے سے روانہ ہوتے رہے۔ یوں سنیچرکو جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق ۱۵؍ لاکھ ۱۸؍ ہزار ۱۵۳؍عازمین حج دیگر ملکوں سے سعودی عرب پہنچ چکے تھے۔ یہ بات سعودی حج پاسپورٹ فورس کے کمانڈر صالح المرابا نے ایک نیوز کانفرنس کے دوران بتائی ہے۔

کمانڈر صالح کے مطابق اگلے دو دنوں میں اس تعداد میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ کیونکہ حج پروازوں کی آمد کا سلسلہ مختلف ملکوں سے ابھی جاری ہے۔ عازمین حج کی آمد کا یہ سلسلہ پیرکو مناسک حج کی ادائیگی کے آغاز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پچھلے سال بیرونی دنیا سے آنے والے عازمین حج کی تعداد ۱۵۰۶۵۷۶؍رہی تھی۔ جبکہ سعودی عرب کے عازمین حج کی تعداد شامل کر کے یہ عدد ۱۶؍ لاکھ ۷۳؍ ہزار ۳۲۰؍ہو گیا تھا۔ یاد رہے حج اسلام کے پانچ ارکان میں سے ایک ہے جو دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے صاحب استطاعت مسلمانوں پر زندگی میں ایک مرتبہ ادا کرنا لازم ہے۔ یہ اجتماع مسلمانوں کے رنگ و نسل اور زبان یا علاقے کے امتیازات سے بالا تر ہو کر ایک اللہ کی فرمانبرداری، باہمی قوت و اخوت کا روح پرور موقع ہوتا ہے۔

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: The Inquilab