Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
ایران معاہدہ قریب، لیکن صرف امریکی شرائط پر: ٹرمپ

ایران معاہدہ قریب، لیکن صرف امریکی شرائط پر: ٹرمپ

The Inquilab 6 hrs ago

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا کہ ایران معاہدہ قریب ہے، وہ بھی صرف امریکی شرائط پر، اسی دوران ایران، امریکہ اور پاکستان تینوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ جنگ بندی معاہدہ جلد ہی عمل میں آجائے گا۔

صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سی بی ایس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکہ اور ایران کے مذاکرات کار جنگ ختم کرنے کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے بہت قریب آ رہے ہیں۔ ان کے مطابق، حتمی معاہدہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکے گا اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ایران کے افزودہ یورینیم کو اطمینان بخش طریقے سے سنبھالا جائے۔ بعد ازاں ٹرمپ نے کہا، میں صرف ایسا معاہدہ کروں گا جس میں ہمیں وہ سب کچھ ملے جو ہم چاہتے ہیں۔اسی دوران ایران، امریکہ اور ثالث پاکستان نے کہا کہ تقریباً تین ماہ سے جاری جنگ ختم کرنے کے مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے۔

دریں اثناء ٹرمپ نے ایک علاحدہ انٹرویو میں کہا کہ'' یا تو ہم اچھا معاہدہ کر لیں گے، یا میں انہیں جہنم میں پہنچادوں گا۔'' ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر امریکہ اور ایران متفق نہ ہوئے تو ایسی صورت حال پیدا ہو جائے گی کہ کسی بھی ملک کو اتنی شدید ضرب نہیں لگی ہوگی جتنی ایران کو لگنے والی ہے۔دوسری طرف، ایران نے سنیچر کو کہا کہ وہ امریکہ کے ساتھ معاہدے کے لیے ۱۴؍ نکاتی فریم ورک معاہدہ کو حتمی شکل دے رہا ہے، لیکن اشارہ دیا کہ بڑے اختلافات باقی ہیں۔علاوہ ازیں امریکی صدر نے ایک اور انٹرویو میںنا امید لہجہ اپناتے ہوئے کہا کہ معاہدہ طے پانے کے امکانات پچاس فیصد ہیں۔

واضح رہے کہ ٹرمپ نے اس سے قبل اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر دعویٰ کیا تھا کہ'' امریکہ، ایران اور دیگر ممالک کے درمیان معاہدے پر زیادہ تر بات چیت طے پا چکی ہے اور یہ جلد نافذالعمل ہو جائے گا۔''یاد رہے کہ ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملے کے بعد جس میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامہ ای سمیت ۴۰؍ سے زائد اعلیٰ حکام اور عہدیدار شہید ہوگئے تھے، ایران نے خطے میں امریکی فوجی اڈوں اور تنصیبات اور اسرائیل کو میزائیل اور ڈرون سے نشانہ بنایا، اسی کے ساتھ دنیا کی اہم ترین آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز کو بندکردیا، جس سے دنیا میں ۲۰؍ فیصد تیل کی ترسیل بری طرح متاثر ہوئی۔

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: The Inquilab